Saturday , November 17 2018
Home / کھیل کی خبریں / کوہلی پر ٹوئٹرصارفین کی شدید تنقید

کوہلی پر ٹوئٹرصارفین کی شدید تنقید

بیرون ممالک کرکٹرز کو پسند کرنے والے ہندوستان میں نہ رہیں

نئی دہلی ۔8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی تنقید کی زد میں آنے پر برداشت کا دامن چھوڑ بیٹھے اور اپنے ہی مداح کو ہندوستان چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔ رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوہلی نے پہلے اپنے ٹوئٹر پر ایک مداح کا تنقیدی پیغام پڑھا۔کرکٹ مداح نے لکھا کہ ’خواہ مخواہ بڑے بیٹسمین بنتے ہیں، ذاتی طورپر مجھے ویراٹ کوہلی کی بیٹنگ میں کچھ خاص نظر نہیں آتا لیکن ہندوستانی بیٹسمینوں کے مقابلے میں انگلینڈ اور آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی بیٹنگ دیکھنے کے قابل ہے۔ کوہلی نے کرکٹ مداح کا پیغام اپنی نئی موبائل ایپ کی لانچنگ تقریب میں پڑھا۔ تنقیدی پیغام پڑھتے ہی کپتان برداشت کھو بیٹھے اور جواب دیا کہ ’اچھا، میرا خیال کہ تمہیں ہندوستان میں نہیں رہنا چاہیے، تمہیں کسی دوسرے ملک میں جا کر رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید غصے کا اظہار کیا کہ ’تم ہمارے ملک میں کیوں رہ رہے ہوں اور دوسرے ممالک سے پیار ہے، مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ تم مجھے پسند نہیں کرتے لیکن میرا خیال ہے کہ تمہیں یہاں رہتے ہوئے دوسرے ممالک کو پسند نہیں کرنا چاہیے، اس لیے پہلے اپنی ترجیحات درست کرو۔ 30 سالہ کوہلی کی جانب سے مداح کو ملک چھوڑنے کا مشورہ دینے کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور انہیں مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک ٹوئٹر صارف نے انہیں یاد دلایا کہ 2008 میں انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران آ پ نے جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا تھا۔ ایک ٹوئٹر ہینڈلر نے لکھا کہ ’ویراٹ کوہلی کی باتوں کو دل پر لینے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ نومبر کے مہینے میں اپنی پٹری سے اتر جاتے ہیں، 2 سال پہلے بھی ایسا ہی کیا تھا۔ ایک مداح نے کوہلی کو مخاطب کرکے کہا کہ ’یہ کوئی مناسب رویہ نہیں مسٹر کیپٹن ویراٹ کوہلی، یہ حقیقی اسپورٹس مین شپ نہیں ہے‘۔ شمشیر نامی ایک ٹوئٹرہینڈلر نے کہا کہ یہ پیغام تو ’پاکستان جاؤ‘ جیسا ہی ہے۔ یاد رہے کہ اپنی سالگرہ پر انہوں نے اپنا ایک ایپ لانچ کیا ہے ، جس پر ایک تبصرہ میں انہوں نے کہا کہ جن ہندوستانیوں کو دوسرے ملک کے کھلاڑی پسند ہیں ، انہیں ملک چھوڑدینا چاہئے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر نہ صرف کوہلی پرشدید تنقید ہورہی ہے بلکہ ان کی حب الوطنی پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔ اب کرکٹ شائقین کوہلی کو اس تبصرہ کیلئے سوشل میڈیا پرکافی کھری کھوٹی سنا رہے ہیں۔ کئی لوگوں نے لکھا ہے کہ کوہلی کسی کو ملک سے باہر بھیجنے والے کون ہوتے ہیں۔ یہی نہیں کوہلی کو اپنے پینے کے پانی ( خبروں کے مطابق جو بیرون ملک سے آتا ہے ) کے علاوہ آڈی اور پیوما جیسے انٹرنیشنل برانڈ کی وجہ سے بھی لوگوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وہیں ان ( کوہلی ۔ انوشکا ) کی اٹلی میں شادی پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔ دریں اثناء اپنے شوہر کے دفاع میں انوشکا نے ابھی تک سوشل میڈیا پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT