Wednesday , November 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / کوہلی کا آئی پی ایل میں نیا ریکارڈ

کوہلی کا آئی پی ایل میں نیا ریکارڈ

نئی دہلی ، 17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی ٹسٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے انڈین پریمیر لیگ(آئی پی ایل) میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف شاندار نصف سنچری کے ساتھ ہی لیگ کے ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان کوہلی اب تک لیگ کے 12 میچوں میں ریکارڈ تین سنچریوں اور پانچ نصف سنچریوں کی مدد سے 752 رنز بنا کر ایک سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ کوہلی نے گزشتہ شب گوتم گمبھیر زیرقیادت کولکاتا ٹیم کے خلاف 75 رنز (ناٹ آؤٹ) کی اننگز کے دوران کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے 2012ء کے سیزن میں 15 میچوں میں 733 رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ زخمی انگلی کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلور کے کپتان نے اپنے ساتھ 59 رنز بنانے والے اے بی ڈی ویلیئرز کے ساتھ 115 رنز کی غیرمختتم شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو نو وکٹ کی زبردست فتح سے ہمکنار کرا یا۔ یہ قابل ذکر ہے کہ دو دن قبل اسی جوڑی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے 229 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کی تھیں۔ اس ریکارڈ کے سابقہ مالک کرس گیل نے ان دونوں کھلاڑیوں کو سراہتے ہوئے کرکٹ کے ’سوپرمین‘ اور ’بیاٹ مین‘ قرار دیا۔ جمائیکا سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج بلے باز نے کہا کہ یہ دونوں ’بیاٹ مین‘ اور ’سوپر مین ‘کی طرح کھیلتے ہیں۔ یہ دونوں اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT