Wednesday , January 17 2018
Home / کھیل کی خبریں / کوہلی کی سنچری‘ ہندوستان369/5

کوہلی کی سنچری‘ ہندوستان369/5

بحیثیت کپتان پہلے ٹسٹ میں سنچری بنانے والے ویراٹ تیسرے کھلاڑی

بحیثیت کپتان پہلے ٹسٹ میں سنچری بنانے والے ویراٹ تیسرے کھلاڑی

اڈیلیڈ۔11ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ویراٹ کوہلی ہندوستان کے ایسے تیسرے کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے جنہوں نے بحیثیت کپتان پہلے ہی ٹسٹ میں سنچری اسکور کی ہو نیز آسٹریلیا کے خلاف یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے تیسرے دن ہندوستانی ٹیم نے میزبان آسٹریلیا کے 517/7dرنز کے جواب میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 369رنز اسکور کرلئے ہیں۔ مستقل کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے زخمی ہوکر پہلے ٹسٹ میںٹیم کی قیادت نہ سنبھالنے کے بعد ویراٹ کوہلی اس مقابلہ کیلئے کارگذار کپتان ہیں اور انہوں نے وجئے ہزارے اور سنیل گواسکر کے بعد بحیثیت کپتان پہلے ہی ٹسٹ میں سنچری بنالی ہے ۔ 26سالہ ویراٹ کوہلی نے اپنی اس ریکارڈ سنچری کے دوران 115رنز کے اننگز کھیلی ہیں جس کیلئے انہوں نے 184گیندوں کا سامنا کیا اور 12چوکے لگائے ۔

ہندوستانی کپتان دن کے 95ویں اوور میں اس وقت آؤٹ ہوئے جب پُل شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ان کا کیچ ریان ہارس نے ڈیپ فائن لیگ پر پکڑا ۔ قبل ازیں آسٹریلیائی ٹیم نے اپنے کل کے اسکور 517/7سے آج آگے کھیلنے کا فیصلہ نہیں کیا بلکہ اننگز ختم کرتے ہوئے ہندوستان کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا ۔ بیرونی دوروں پر ہندوستانی اوپنرس کی جانب سے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم نہ کرنے کا سلسلہ یہاں بھی جاری رہا جیسا کہ 30کے مجموعی اسکور پر شکھر دھون ریان ہارس کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ دھون جو کہ جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے 24گیندوںمیں پانچ چوکوں کی مدد سے 25رنز اسکور کئے تاہم ان کی اننگز مختصر ثابت ہوئی ۔ دوسرے اوپنر مرلی وجئے نے 88گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 53رنز بنائے ۔ چیٹیشورپجارا بھی نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے جیسا کہ انہوں نے 135گیندوںمیں 9چوکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 73رنز بنائے ۔ آؤٹ ہونے والے ایک اور کھلاڑی اجنکیا رہانے رہے جنہوں نے 76گیندوںمیں 10چوکوں کی مدد سے 62رنز بنائے ۔

دن کے اختتام پر روہت شرما 61گیندوںمیں چار چوکوں کی مدد سے 33اور وردھیمان ساہا 16گیندوں میں ایک رن بناکر وکٹ پرموجود ہیں ۔ ٹاپ آرڈرس میں سوائے دھون کے تمام کھلاڑیوں نے نہ صرف نصف سنچریاں اسکور کی بلکہ ہر وکٹ کیلئے بہتر پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے سیریز کا کامیاب آغاز کیا ہے ۔ آسٹریلیا کیلئے میچل جانسن کسی قدر مہینگے ثابت ہوئے جنہوں نے فی اوور پانچ رنز کے ذریعہ 18اوورس میں 90رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں ۔ ٹیم میں شامل واحد مخصوص اسپنر نیتن لین نے 30اوورس میں 103رنز دے کر دو وکٹیںحاصل کیں جب کہ ہارس نے ٹیم کو پہلی کامیابی دلوائی تھی تاہم وہ اپنے وکٹوں کے تعداد میں اضافہ نہیںکرپائے ۔ آسٹریلیا نے 7بولروں کا استعمال کیا جس میں میچل مارش ‘ شین واٹسن اور اسٹیون اسمتھ بھی شامل ہیں تاہم پیٹرسیڈل کے ہمراہ مذکورہ کوئی بھی بولر ٹیم کو کامیابی دلوانے میں ناکام رہا جب کہ ہندوستانی بیٹسمینوں نے جارحانہ بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے سیریز کا بہتر آغاز کیا۔

TOPPOPULARRECENT