کوہلی کی قیادت میں ٹیم چمپئین بنے گی:گنگولی

ممبئی۔10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے کہا ہے کہ اگر ہندوستانی ٹیم ویرات کوہلی کی قیادت 2019 کا ورلڈ کپ جیتی تو انہیں کوئی حیرت نہیں ہوگی کیونکہ کوہلی اس وقت ٹیم کے فتح گر کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہلی بہت فٹ ہیں اور یہی ان کی سب سے بڑی خوبی ہے کیونکہ دور حاضر کی کرکٹ مکمل فٹ کرکٹرز کا کھیل ہے ، اگر آپ فٹ ہیں تو آپ کا کھیل بھی زبردست ہوگا۔ کوہلی نے اس سلسلے میں ہندوستانی ٹیم کا کلچر بھی تبدیل کردیا ہے۔سابق کپتان نے موجود کپتان کی قیادت کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی کپتانی اور دلیری سے بیٹنگ کی بدولت ٹیم انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف اس سال ہونے والی ٹسٹ سیریز میں نمایاں کارکردگی دکھائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کوہلی 2014کے انگلینڈ دورے کے دوران آوٹ آف فارم تھے اور بیٹنگ میں مسلسل جدوجہد کررہے تھے لیکن اگلے 6 ماہ کے اندر انہوں نے آسٹریلیا میں 4 سنچریاں اسکور کیں اور میں نے آج تک کسی ہندوستانی بیٹسمین کو آسٹریلیا میں اتنا اچھا کھیلتے نہیں دیکھا۔ تنڈولکر،ڈراویڈ، لکشمن اور مجھ سمیت کئی بیٹسمینوں نے آسٹریلیا میں سنچریاں بنائیں لیکن کوہلی نے جس طرح سے بیٹنگ کی وہ بے مثال تھی۔ گنگولی نے کہا کہ کوہلی کا کمال یہ ہے کہ انہوں نے اپنی کپتانی کو بیٹنگ پر اثر انداز نہیں ہونے دیا اور ان کے ریکارڈ اس بات کا ثبوت ہیں۔واضح رہے کہ انگلینڈ میں جہاں ٹسٹ مقابلوں میں کوہلی کا انفرادی ریکارڈ مایوس کن ہے تو بحثیت ٹیم آئی سی سی چمپیئز ٹرامی کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم اپنے خطاب کا دفاع نہیں کرپائی تھی اور اسے پاکستان کے خلاف فائنل میں شکست ہوئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT