Saturday , May 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / کوہلی کی 35 ویں سنچری،ہندوستان5-1 سے فاتح

کوہلی کی 35 ویں سنچری،ہندوستان5-1 سے فاتح

سنچورین۔17 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے کپتان ویراٹ کوہلی کی 35 ویں شاندار سنچری اور شردل ٹھاکر کی عمدہ بولنگ کی بدولت جنوبی افریقہ کو چھٹے ون ڈے میچ میں بھی بے بس کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں سے کامیابی اور سیریز 5-1 سے اپنے نام کر لی۔سنچورین میں کھیلے گئے سیریز کے چھٹے اور آخری میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا اور پوری جنوبی افریقی ٹیم 204 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔54 رنز بنانے والے نوجوان کھایا زونڈو کے سوا کوئی بھی جنوبی افریقی بیٹسمین ہندوستانی بولروں خصوصاً شردل ٹھاکر کا ڈٹ کر سامنا نہ کر سکا، ایڈن مارک رام 24، اے بی ڈی ویلیئرز 30 اور اینڈائل فلکوایو 34 رنز بنا کر دیگر نمایاں بیٹسمین رہے۔ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم بھی صرف 18 رنز پر گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ روہت شرما کی وکٹ گنوا بیٹھی لیکن ایک مرتبہ پھر کوہلی ان کی راہ حائل ہو گئے۔کپتان کوہلی نے شکھر دھون کے ساتھ 62 رنز کی شراکت قائم کی جو 80 کے مجموعی اسکور پر 18 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔دھون کے آؤٹ ہونے کے باوجود کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور تمام جنوبی افریقہ بولروں کے خلاف بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ونڈے کرکٹ میں اپنی 35ویں سنچری اسکور کی۔ان کی دو چھکوں اور 19 چوکوں سے مزین ناقابل شکست 129 رنز کی اننگز کی بدولت ہندوستان نے 33ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر ہدف حاصل کر کے میچ میں آٹھ وکٹ سے فتح اپنے نام کرنے کے ساتھ سیریز بھی 5-1 سے جیت لی۔کوہلی ناصرف میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے بلکہ سیریز میں تین سنچریوں کی مدد سے 558 رنز بنانے پر مین آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT