Thursday , April 26 2018
Home / کھیل کی خبریں / کوہلی کے جارحانہ تیور بیرونی ٹور میں کارگر ہوں گے

کوہلی کے جارحانہ تیور بیرونی ٹور میں کارگر ہوں گے

l ہندوستانی کپتان کی ٹسٹ درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن
l ویراٹ کوہلی کو 50 ویں انٹرنیشنل سنچری سے فائدہ
نئی دہلی ؍ دبئی ۔ 21 نومبر(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کیپٹن ویراٹ کوہلی کا شاندارفام جاری ہے اور وہ عمدگی سے مائل بہ عروج ہے جس کا مظاہرہ گذشتہ روز انہوں نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹسٹ کے آخری روز شاندار سنچری (ناٹ آوٹ) اسکور کرتے ہوئے کیا۔ یہ کوہلی کی 50 ویں انٹرنیشنل سنچری ثابت ہوئی جو اپنے آپ میں ہندوستان کی طرف سے بہترین کارکردگی ہے۔ کوہلی اپنے انٹرنیشنل کیریئر کی شروعات سے ہی جارحانہ کھلاڑی کے طور پر مشہور ہوئے اور اچھی بات یہ ہیکہ انہوں نے کپتان بننے کے بعد اپنا فطری کھیل ترک نہیں کیا ۔ کل سری لنکا کے خلاف نازک موقع پر ہندوستانی کپتان قائدانہ اننگز کھیلی اور چھکے کے ذریعہ سنچری مکمل کرتے ہوئے اپنے جارحانہ پن کا عملی مظاہرہ کیا۔ مبصرین اور کرکٹ کے ماہرین کی رائے میں کوہلی کو اس طرح کا ذمہ دارانہ کھیل خاص طور پر آسٹریلیا، جنوبی افریقہ ، انگلینڈ کے دوروں میں کام آئے گا۔ ہندوستان خاص طور پر ان ملکوںمیں ٹسٹ سیریز کا کوئی خاص ٹریک ریکارڈ نہیں رکھتا ہے لیکن حالیہ عرصہ میں بالخصوص سورو گنگولی کے بعد ایم ایس دھونی نے ہندوستان کو ٹسٹ میچوں میں بھی بیرون ملک اور سمندر پار مقابلوں کامیابی سے ہمکنار کرایا ہے۔ کوہلی کیلئے اس صورتحال کو برقرار رکھنے نہ صرف اچھی قیادت کرنی ہوگی بلکہ انفرادی کھیل میں بھی عمدگی کا مظاہرہ پیش کرنا پڑے گا۔ اس دوراان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ٹسٹ درجہ بندی میں کوہلی کو گذشتہ روز کی کارکردگی کی بناء فائدہ ہوا اور وہ پانچویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں لیکن ان کے ٹیم ساتھی رویندر جڈیجہ بولروں کی درجہ بندی میں ایک مقام گھٹ کر تیسرے رینک پر آگئے۔ کوہلی نے آسٹریلیا کے ڈیویڈ وارنر کو پیچھے چھوڑ کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ کوہلی ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل دونوں درجہ بندیوں میں ٹاپ رینک کے حامل ہیں۔ انہوں نے کل ٹسٹ کے آخری روز 104 ناٹ آوٹ اسکور کئے اور سری لنکا شکست کے دہانے پر پہنچنے کے بعد آخر کار میچ ڈرا کرانے میں کامیاب ہوا۔ ٹیموں کی درجہ بندی میں ہندوستان 125پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھے جبکہ جنوبی افریقہ (111) کا دوسرا اور انگلینڈ کا تیسرا نمبر ہے۔

TOPPOPULARRECENT