Sunday , November 18 2018
Home / شہر کی خبریں / کوہِ مولا علی میں 3 ایکر اوقافی اراضی کا تحفظ،صدر نشین محمد سلیم کی دلچسپی

کوہِ مولا علی میں 3 ایکر اوقافی اراضی کا تحفظ،صدر نشین محمد سلیم کی دلچسپی

ریونیو اور وقف بورڈ ٹیم نے قبضوں کو برخاست کردیا، حصار بندی کا فیصلہ
حیدرآباد۔/20جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی خصوصی ٹیم نے آج محکمہ مال کے عہدیداروں کے تعاون سے کوہِ مولا علی کی 3 ایکر اوقافی اراضی پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی میں کامیابی حاصل کی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کی ہدایت پر عہدیداروں کی ٹیم نے مولا علی کا دورہ کیا اور سروے نمبرات 339 اور 340 میں ناجائز قبضوں کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے منڈل ریونیو آفیسر محمد اشفاق سے ملاقات کی اور انہیں اوقافی اراضی سے متعلق دستاویزات پیش کئے۔ وقف بورڈ کے دستاویزات اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد منڈل ریونیو آفیسر نے ریونیو عہدیداروں کی ٹیم کو وقف ٹیم کے ہمراہ روانہ کیا اور ناجائز قبضوں سے متعلق بورڈ نکال دیئے گئے۔ غیر مجاز قبضہ کے ذمہ دار افراد کے حامی اس موقع پر پہنچے اور مزاحمت کی کوشش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ تین ایکر اراضی کو ذاتی اراضی قرار دیتے ہوئے بورڈ آویزاں کئے گئے تھے۔ وقف بورڈ کی ٹیم نے تمام بورڈز اُکھاڑ پھینکے اور اراضی کو اپنے قبضہ میں لے لیا۔ صدر نشین وقف بورڈ نے اراضی کی حصار بندی کی ہدایت دی ہے۔ بہت جلد یہ کام شروع ہوگا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مولاعلی کی دیگر اوقافی اراضیات کے قابضین کو نوٹسیں جاری کی گئی ہیں اور تعمیرات کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔ آج جس کھلی اراضی کو غیر مجاز قبضہ سے بچایا گیا اس کے ذمہ داروں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی جارہی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے بتایا کہ جہاں کہیں بھی اوقافی اراضیات پر قبضے کئے جارہے ہیں اس کی اطلاع وقف بورڈ کو دی جائے تاکہ فوری تحفظ کی کارروائی کی جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT