Tuesday , November 21 2017
Home / Top Stories / کویت ایم پی نے اسرائیل کو ناجائز قابضین اور بچوں کے قاتل سے تعبیر کیا۔ ویڈیو وائرل

کویت ایم پی نے اسرائیل کو ناجائز قابضین اور بچوں کے قاتل سے تعبیر کیا۔ ویڈیو وائرل

سینٹ پیٹرس برگ کانفرنس میں اسرائیلی نمائندے دم بخود، ہال چھوڑنے پر مجبور
سینٹ پیٹرس برگ ؍ کویت سٹی ؍ انقرہ ۔ 20 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کویت کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے اسرائیلی پارلیمنٹ کے نمائندہ کی جانب سے قید کی صعوبتیں جھیلنے والے فلسطینی قانون سازوں کے بارے میں بیان دینے پر سینٹ پیٹرس برگ کی ایک بین الاقوامی کانفرنس میں زبردست غم و غصہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ محاورہ آپ لوگوں پر بالکل صادق آتا ہے (اسرائیلی ارکان پارلیمان) ’’اگر آپ کے پاس شرم و حیا نام کی کوئی چیز نہ ہو تو وہی کریں جو آپ کا دل چاہے‘‘۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر مرزوق الغنیم نے روس میں انٹرپارلیمنٹری یونین (IPO) کی مذاکرات میں شرکت کرنے والوں سے یہ بات کہی۔ الغنیم نے جس طرح غم و غصہ کا اظہار کیا اس کا ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے ساری دنیا میں وائرل ہوگیا۔ 45 سیکنڈ کے ویڈیو کو دیکھنے کے بعد ہزارہا افراد نے فیس بک پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ بات چیت کے دوران جب اسرائیلی حکام کی جانب سے گرفتار کئے گئے فلسطینی قانون سازوں کا تذکرہ آیا تو الغنیم نے اسے ’’سرکاری دہشت گردی‘‘ سے تعبیر کیا۔ اسرائیلی وفد سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ لوگوں میں ذرہ برابر بھی شرم ہے تو اپنا سامان اٹھائیے اور اس ہال سے باہر نکل جائیے جیسا کہ آپ لوگوں نے دنیا بھر میں موجود معزز پارلیمنٹس کے ردعمل کو دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ (اسرائیل) ناجائز قابضین ہو، بچوں کے قاتل ہو، اگر ذرہ برابر بھی شرم کا مادہ باقی ہے تو فوراً یہاں سے چلے جائیے۔ ویڈیو میںانہیں ایسا کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ اس وقت وہاں موجود افراد کو تالیاں بجاتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔ فلسطینی اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 13 فلسطینی ایم پیز جن کا تعلق غزہ کے حماس سے ہے، اس وقت اسرائیلی جیلوں میں قیدوبند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ الغنیم کے غم و غصہ کا اظہار کرنے کے بعد اسرائیلی وفد ہال چھوڑنے پر مجبور ہوگیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT