Tuesday , December 11 2018

کویت میں پھنسے ہندوستانی ملازمین کی واپسی میں رکاوٹیں

مسائل سے دوچار تلنگانہ کے ورکرس کسمپرسی کے باعث موبائیل بل بھی ادا کرنے سے قاصر

حیدرآباد۔13مارچ(سیاست نیوز) کویت میں پھنسے ہوئے ہندستانی ملازمین کی ملک واپسی میں کئی رکاوٹیں پیدا ہونے لگی ہیں اور انہیں ملک چھوڑنے کے لے دی گئی مہلت ختم ہونے کے لئے ابھی ایک ماہ باقی ہے لیکن ان کی ملک واپسی کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے ہیں ۔ہندستانی ملازمین بالخصوص ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین جو کہ ملک واپس ہونے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں موبائیل بل کی عدم ادائیگی کی بنیا د پر ائیر پورٹ پر روکا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ وہ موبائیل بل کے بقایاجات کی ادائیگی کے بغیر کویت سے باہر نہیں جاسکتے ۔ہندستانی شہریو ںکو کویت چھوڑنے کیلئے فراہم کی گئی مہلت ختم ہونے کے قریب ہوتے ہوتے ائیر لائنس کے کرایوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہاہے اور ہندستانی شہریوں کی پریشانیو ںمیں اضافہ ہونے لگا ہے۔کویت میں پھنسے ہوئے غیر قانونی ورکرس کو ملک واپس لانے کے لئے تلنگانہ کی تنظیموں کی جانب سے فضائی کرایوں کی ادائیگی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود سینکڑوں ورکرس اب بھی ان اعلانات پر عمل آوری کے منتظر ہیں ۔ریاست تلنگانہ کے ورکرس کا کہنا ہے کہ وہ تلاش روزگار کیلئے کویت آئے تھے لیکن اب انہیں شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ان مسائل سے نمٹنے کیلئے انہیں کوئی مدد حاصل نہیں ہورہی ہے۔بتایاجاتاہے کہ ریاست تلنگانہ کے ورکرس انتہائی کسمپرسی کی حالت میں اپنی واپسی کی سبیل تلاش کر رہے ہیں۔غیر مقیم تارکین وطن کے کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کے ذمہ داروں کے مطابق ان کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے لیکن ان کوششوں میں کامیابی حاصل نہیںہو پا رہی ہے جس کی بنیادی وجہ ان تارکین وطن کے موبائیل بقایا جات ہیں جن کے ادا کرنے سے قبل وہ ملک سے باہر نہیں جا سکتے اسی لئے ان کی واپسی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔فضائی کرایوں میں ہونے والے اضافہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ ہندستانیوں کے ملک چھوڑ نے کا وقت ختم ہونے لگا ہے اسی لئے فضائی کرایوں میں اضافہ ریکارڈ کیا جار ہاہے اور اب تک یہ دیکھا جا رہاہے کہ معمول سے کرایہ میں تین گنا تک کا اضافہ ہوچکا ہے اور آئندہ دنوں میں کرایوں میں مزید اضافہ کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے لیکن اس کے باوجود موبائیل بلس کے بقایاجات کی ادائیگی یا عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے فیصلہ کروائے بغیر ہندستانی شہری ملک نہیں چھوڑ پائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT