Monday , July 23 2018
Home / ہندوستان / کپواڑہ میں مسلح تصادم، ایک جنگجو ہلاک

کپواڑہ میں مسلح تصادم، ایک جنگجو ہلاک

سری نگر ، 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے اتوار کی شام شروع کئے جانے والے جنگجو مخالف آپریشن میں اب تک ایک جنگجو کو مارا جاچکا ہے ۔ کشمیر زون پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر کہا ‘ہندواڑہ مسلح تصادم میں ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔ تلاشی آپریشن جاری ہے ‘۔سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ فوج، جموں وکشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے گذشتہ شام خانپورہ ہندواڑہ کے گھنے جنگلات میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا ‘تلاشی آپریشن کے دوران جنگل میں موجود کچھ جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی پر فائرنگ کی’۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا جس میں ایک جنگجو مارا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے ۔

TOPPOPULARRECENT