Monday , April 23 2018
Home / Top Stories / کپڑا بینک غریب خاندانوں کے لیے نعمت غیر مترقبہ

کپڑا بینک غریب خاندانوں کے لیے نعمت غیر مترقبہ

معائنہ کے بعد کینڈا کی ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی کا اظہار خیال
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : روزنامہ سیاست ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد اور اس کے اطراف واکناف میں کپڑا بینکس بڑی کامیابی سے چلائے جارہے ہیں ۔ 29 اپریل 2016 کو عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں اپنی نوعیت کے اس منفرد بینک کا قیام عمل میں آیا تھا ۔ جس کے بعد سے تاحال ہزاروں غریب خاندانوں نے کپڑا بینک سے استفادہ کیا ۔ خدا ترس رحمدل اور غریب پرور حیدرآبادیوں نے اس بینک میں جی کھولکر زنانی ، مردانی ، بچکانی ، ملبوسات کے ساتھ ساتھ ، دولہوں کے لیے شیروانیوں اور دولہنوں کے لیے لباس عروسی کے بھی عطیات دئیے ۔ اس کار خیر میں کینڈا میں مقیم حیدرآبادی ڈاکٹر اور وہاںکی فلاحی تنظیم فی سبیل اللہ کی ایک ذمہ دار ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں وہ کینڈا سے اب تک ملبوسات و دیگر اشیاء کی تین تا چار کھیپ روانہ کرچکی ہیں جن کی کشمیر سیلاب اور بہار سیلاب کے متاثرین میں بھی تقسیم عمل میں آئی ۔ ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی حیدرآباد آئی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے آج ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، جناب محمد حسین چارٹرڈ اکاونٹنٹ ، انجینئر ذاکر صدیقی ہیلپنگ ہینڈ کے سربراہ ڈاکٹر شوکت علی مرزا اور جناب سید حیدر علی کے ہمراہ کپڑا بینک کا معائنہ کیا اور اس کی سرگرمیوں پر خوشنودی کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر عسکر یاسمین صدیقی کے مطابق کینڈا میں سیاست اور ایڈیٹر سیاست کی ملی و قومی خدمات کے علاوہ فیض عام ٹرسٹ اور اس کے سکریٹری افتخار حسین صاحب کی خدمات کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کینڈا میں مقیم اہل خیر مرد و خواتین سیاست اور ایڈیٹر سیاست کی سرگرمیوں سے کافی متاثر ہیں اور وہاں سیاست کے فلاحی کاموں کی مثالیں دی جاتی ہیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT