Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / کک اور روٹ شکست کے اصل ذمہ دار:برطانوی میڈیا

کک اور روٹ شکست کے اصل ذمہ دار:برطانوی میڈیا

لندن ۔19جولائی (سیاست ڈاٹ کام) لارڈز ٹسٹ کی ناکامی پر انگلش میڈیا اپنی ٹیم پر برس پڑا جس نے کپتان الیسٹر کک اور انکے ساتھیوں کی بیٹنگ لائن کو کمزور قرار دے دیا ۔ سابق کپتان جیفری بائیکاٹ نے کک اور جو روٹ کی بیٹنگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔مصباح الحق کی شاندار مظاہرہ کے بعد انگلش میڈیا بھی ان کا مداح بن گیا۔ لارڈز ٹسٹ کی کامیابی پر جہاں انگلش میڈیا نے پاکستانی ٹیم کی تعریفوں کے پل باندھے وہیں انگلش ٹیم پر تنقید کے خوب نشتر بھی چلائے۔انگلش میڈیا نے ٹیم کی ناکامی کو ناقص بیٹنگ کا شاخسانہ قرار دیا۔ میڈیا کے مطابق انگلینڈ میں حکمت عملی کا فقدان تھا۔ پاکستانی بولرز کے سامنے انگلش بیٹنگ لائن بے بس دکھائی دی۔ بیٹسمینوں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ لارڈز ٹسٹ میں شکست کا سبب بنا اور بیٹسمینوں کی یہ روش سیریز میں مشکلات کو بڑھا سکتی ہے۔سابق کپتان جیفری بائیکاٹ نے اپنے کالم میں کپتان کک اور جو روٹ کو شکست کا ذمہ دار قرار دیا۔ بائیکاٹ کے مطابق دونوں سینئرس جونیئرز کیلئے رول ماڈل نہ بن سکے۔ بائیکاٹ نے کہا کہ میزبان ٹیم یاسر شاہ کی لیگ اسپن کو بالکل سمجھ نہ پائی۔ دوسری جانب دیگر سابق انگلش کرکٹرز نے بھی ٹی وی پروگرامز میں دل کی خوب بھڑاس نکالی اور کہا کہ انگلش ٹیم نے سب کچھ جانتے ہوئے بھی پاکستان کیخلاف کوئی منصوبہ نہیں بنایا ۔ سب جانتے ہیں پاکستان کی بولنگ بہت اچھی ہے لیکن انگلش ٹیم انتظامیہ نے اس کا کوئی حل نہیں نکالا اور نہ ہی بیٹسمینوں کو کوئی خصوصی ہدایات دی گئی ،انہوں نے کہا ایسا لگ رہا تھا جیسے یاسر شاہ کا سامنا بچے کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا دوسری اننگز میں جو روٹ جو شاٹ کھیل کر آؤٹ ہو ئے اس کی معافی نہیں دی جا سکتی کیونکہ کک کے بعد وہ سب سے زیادہ ذمہ دار کھلاڑی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT