Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / کک کی ڈبل سنچری، پاک ۔ انگلینڈ ٹسٹ ڈرا کی سمت

کک کی ڈبل سنچری، پاک ۔ انگلینڈ ٹسٹ ڈرا کی سمت

ابوظہبی ۔ 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک نے پاکستانی ٹیم کے خلاف کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن ریکارڈ ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 569/8 میں کلیدی رول ادا کیا۔ انگلش ٹیم کو پاکستان کے اسکور 523/8d پر 46 رنز کی سبقت حاصل ہوئی ہے۔ کک نے ایشیائی ممالک میں بحیثیت مہمان کھلاڑی جیک کیالس کے 173 رنز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 263 رنز کی ایک شاندار اننگز کھیلی ہے۔ کک نے 528 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 18 چوکے بھی لگائے۔ کک کے علاوہ نوجوان بیٹسمین جیوروٹ نے 147 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 85 اور بین اسٹوک نے 7 چوکوں کی مدد سے 57 رنز کے ذریعہ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ پاکستان کیلئے وہاب ریاض نے 116 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کیلئے 245 رنز کی یادگار اننگز کھیلنے والے شعیب ملک نے 97 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جس میں کک کی وکٹ بھی شامل ہے۔ رواں مقابلہ میں کل آخری دن کا کھیل باقی ہے جس سے ڈرا کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
بلال آصف کا پیر کو چینائی میں ٹسٹ
کراچی ۔16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آف اسپنر بلال آصف کا بائیو میکینکس ٹسٹ پیر کو ہندوستان کے شہر چینائی میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی چینائی میں بائیو میکنکس لیبارٹری میں ٹسٹ کی تیاریاں مکمل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بلا ل کے ویزے کیلئے اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن سے رجوع کیا ہے اور ویزا ملتے ہی بلال چینائی روانہ ہوجائیں گے۔ ہرارے میں زمبابوے کیخلاف تیسرے ونڈے میں بلال آصف کا ایکشن مشتبہ قرا ر دیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT