Wednesday , December 13 2017
Home / کھیل کی خبریں / کھلاڑیوں کے فیصلہ کا بھی احترام ہو:آرنالڈ

کھلاڑیوں کے فیصلہ کا بھی احترام ہو:آرنالڈ

شارجہ ۔25 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) دورہ پاکستان سے انکار کرنے والے سری لنکائی کھلاڑیوں کے حق میں آوازیں بلند ہونے لگیں۔سری لنکائی کپتان اپل تھارنگا سمیت کچھ اہم کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان کے دورے سے انکار نے اس معاملے کو متنازعہ بنا دیا ہے، جس پر مختلف آراء سامنے آرہی ہیں۔ سابق آل راؤنڈراور موجودہ کمنٹیٹر رسل آرنلڈ نے کہاکہ پاکستان جانا یا نہ جانا بدستور کھلاڑیوں کا ذاتی فیصلہ ہی رہنا چاہیے، اس حوالے سے ملے جلے جذبات پائے جاتے ہیں، مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان میں کرکٹ واپس لوٹ رہی ہے، خاص طور پر لاہور میں جہاں سے سری لنکا کی کچھ اچھی اور کچھ بہت ہی بْری یادیں وابستہ ہیں۔آرنلڈ نے مزید کہا کہ لاہور واقعے کے ابھی تک کچھ کھلاڑیوں کے ذہنوں پر اثرات موجود ہیں، جو کچھ 2009 میں ہوا وہ دنیا کے دیگرعلاقوں میں رونما ہونے والے واقعات سے قدرے مختلف ہے، کچھ کھلاڑیوں کو اس کا ذاتی تجربہ ہے اور بعض نے دہشتگردوں کے حملے کا شکار ہونے والوں سے معلومات حاصل کی ہیں۔ ہمیں لازمی طور پر ان احساسات کو بھی مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے جو انکار کرنے والے کھلاڑیوںمیں پائے جاتے ہیں۔یاد رہے کہ 7 کھلاڑیوں نے واحد ٹوئنٹی 20 کیلیے لاہور جانے سے انکار کیا ہے، انھیں پوری سیریز سے ہی خارج کردیا گیا۔ اس حوالے سے رسل آرنلڈ نے کہاکہ یہ فیصلہ درست ہے، پوری سیریز کیلیے ایک ٹیم کا انتخاب کوئی مسئلہ نہیں، ایک ہی سیریز کیلیے 2الگ مقامات پر کھیلے جانے والے میچز کیلیے مختلف ٹیموں کے انتخاب میں کوئی منطق نہیں تھی۔ونڈے سیریز میں سری لنکا کی مایوس کن کارکردگی کے بارے میں انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ کھلاڑیوں کو کچھ جارحانہ انداز اختیارکرنے کی ضرورت تھی، انھیں ثابت کرنا چاہیے تھا کہ ان کی بھی کوئی عزت ہے۔

TOPPOPULARRECENT