Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / کھمم ضلع کلکٹر کو اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

کھمم ضلع کلکٹر کو اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

سدھیر کمیشن آف انکوائری کا دورہ ، مختلف محکمہ جات کے ساتھ اجلاس ، چیرمین کمیشن جی سدھیر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری (سیاست نیوز) مسلمانوں کی تعلیمی ، معاشی اور سماجی پسماندگی کا جائزہ لینے والے سدھیر کمیشن آف انکوائری نے آج ضلع کھمم کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ ضلع کلکٹر لوکیش کمار اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ کمیشن آف انکوائری نے اجلاس منعقد کیا۔ کمیشن کے صدرنشین جی سدھیر کے علاوہ ارکان ڈاکٹر عبدالشعبان ، عامر اللہ خاں اور ایم اے باری اجلاس میں شریک ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ صدرنشین انکوائری کمیشن نے کلکٹر کو ہدایت دی کہ وہ اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری کے بارے میں کمیشن کو تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے ضلع میں مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی صورتحال کے بارے میں مختلف محکمہ جات سے رپورٹ طلب کی۔ کمیشن نے ضلع کلکٹرس کی موجودگی میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اقلیتی اسکیمات پر عمل آوری میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور حقیقی مستحقین تک فوائد پہنچانے کی کوشش کریں۔ کمیشن نے بینکرس کو مشورہ دیا کہ وہ چھوٹے کاروبار کے آغاز کے لئے مسلمانوں کو قرض کی اجرائی میں فراخدلی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اردو میڈیم مدارس میں اساتذہ کی کمی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔ ضلع کھمم میں دیگر اضلاع کے مقابلہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر موثر عمل آوری کی رپورٹ پیش کی گئی۔ اردو اسکولوں میں مضامین کے ٹیچرس موجود ہیں۔ تاہم طلبہ کی تعداد میں اضافہ کی  ضرورت ہے۔ کمیشن کا احساس ہے کہ اقلیتوں میں اردو تعلیم کے حصول کا رجحان موجود ہے۔ تاہم انہیں بہتر سہولتیں فراہم کی جانی چاہئے۔ اقلیتی خاندانوں میں تلگو اور انگلش میڈیم تعلیم کا رجحان پایا گیا تاکہ سرکاری ملازمتوں کے حصول اور خانگی شعبہ میں ملازمت حاصل کی جاسکے۔ کمیشن کو بتایا گیا کہ اردو میڈیم کے چار اسکولس میں طلبہ کی تعداد حوصلہ افزاء ہے۔ کمیشن کی ٹیم نے مختلف اداروں کا معائنہ کیا اور دینی مدارس کا دورہ کیا۔ صدرنشین جی سدھیر نے بتایا کہ شادی مبارک اسکیم سے استفادہ کیلئے اقلیتوں میں شعور دیکھا گیا ہے۔ برخلاف اس کے قرض کے حصول کے بارے میں اقلیتوں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کھمم میں اس سلسلہ میں باقاعدہ مہم چلائی جائے۔ دینی مدارس میں عصری تعلیم کے آغاز کیلئے حکومت اساتذہ کو فراہم کرنے کیلئے تیار ہے اور ضلع کلکٹر نے اس سلسلہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ضلع کلکٹر نے اندرون ایک ہفتہ تمام تفصیلات روانہ کرنے کا تیقن دیا۔ عوامی سماعت کے دوران کمیشن نے عوام سے خواہش کی کہ وہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں راست نمائندگی کریں۔ عہدیداروں کو بی سی سرٹیفکٹس کی اجرائی کے سلسلہ میں رہنمائی کی گئی۔ ریونیو عہدیداروں کو بتایا گیا کہ سید ، پٹھان اور بیگ کو چھوڑ کر دیگر تمام طبقات کو بی سی سرٹیفکٹس جاری کیا جانا چاہئے ۔ کمیشن کی ٹیم کل 19 جنوری کو نلگنڈہ کا دورہ کرے گی۔ 30 جنوری کو کریم نگر کے دورہ سے کمیشن کی جانب سے اضلاع کے دورے مکمل ہوجائیں گے جس کے بعد ہر ضلع سے تفصیلات حاصل کی جائیں گی اور مارچ میں حکومت کو رپورٹ پیش کردی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT