Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / کھمم میں آئندہ ماہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کا یوم تاسیس

کھمم میں آئندہ ماہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کا یوم تاسیس

ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی و پارلیمان پارٹی اجلاس، چیف منسٹر کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد۔/19مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا یوم تاسیس 27اپریل کو ضلع کھمم میں بڑے پیمانہ پر منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں منعقدہ لیجسلیچر پارٹی اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کھمم کے قائدین نے ضلع میں یوم تاسیس تقاریب کے انتظامات کا پیشکش کیا جسے قبول کرلیا گیا۔ چیف منسٹر نے قائدین کو ہدایت دی کہ وہ یوم تاسیس کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز کردیں اور ایک روزہ تقاریب میں صبح مندوبین کا اجلاس ہوگا جبکہ شام میں جلسہ عام منعقد ہوگا۔ جلسہ عام میں کھمم اور اطراف کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ کھمم سے تعلق رکھنے والے وزیر ٹی ناگیشورراؤ انتظامات کے نگرانکار ہوں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی کو اضلاع میں مستحکم کرنے کیلئے یوم تاسیس تقاریب اضلاع میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹی آر ایس کارکنوں کیلئے انشورنس سے متعلق پریمیم کی ادائیگی کیلئے عوام سے عطیات وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ انشورنس کے پریمیم کیلئے عوامی نمائندوں نے ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ دینے کا پیشکش کیا ہے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ عوام سے عطیات وصول کرنے کیلئے باقاعدہ تحریک چلائی جائے گی۔ عوام پارٹی فنڈ راست طور پر پارٹی کے اکاؤنٹ میں جمع کرسکتے ہیں۔ بینک آف بڑودہ بنجارہ ہلز برانچ میں ٹی آر ایس کا اکاؤنٹ ہے۔ یوم تاسیس تقاریب سے قبل نامزد عہدوں پر تقررات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلع، منڈل اور مواضعات کی سطح پر پارٹی کے استحکام پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ کارکنوں کیلئے ٹریننگ پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔
اسمبلی اجلاس کے اختتام کے فوری بعد چیف منسٹر بس یاترا کے ذریعہ اسمبلی حلقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے۔ حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری اور عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے بس یاترا کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے عوامی نمائندوں کو ہدایت دی کہ وہ پینے کے پانی کی سربراہی پر خصوصی توجہ دیں۔ 2 اپریل سے شروع ہونے والے مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا کو کامیاب بنانے کیلئے عوامی نمائندوں سے متحرک ہونے کی اپیل کی گئی۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT