Monday , November 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / کھیل رتن : سندھو، ساکشی، دیپا، جیتو کا انوکھا انتخاب

کھیل رتن : سندھو، ساکشی، دیپا، جیتو کا انوکھا انتخاب

نئی دہلی ، 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عدیم النظیر اقدام میں ملک کا اعلیٰ ترین کھیلوں کا انعام ’’راجیو گاندھی کھیل رتن‘‘ چار اتھلیٹس کو عطا کیا جائے گا جس کے تحت یہ اعزاز اولمپک میڈل جیتنے والی پی وی سندھو اور ساکشی ملک کے ساتھ قابل تحسین مظاہرہ پیش کرنے والی جمناسٹ دیپا کرماکر اور اسٹار شوٹر جیتو رائے مشترک طور پر حاصل کریں گے۔ اسپورٹس منسٹری نے آج یہ اعلان کیا۔ جہاں شٹلر سندھو نے کل شب اختتام پذیر ریو اولمپکس میں سلور جیت کر ہندوستان کی طرف سے اولین خاتون اتھلیٹ بن کر تاریخ رقم کی، وہیں ساکشی نے 58kg ویمنس ریسلنگ میں برونز جیتا۔ دیپا جو اولمپکس کیلئے کوالیفائی ہونے والی اولین خاتون جمناسٹ بنیں، محض 0.15 پوائنٹس کے فرق سے برونز جیت نہ پائیں لیکن نہایت جوکھم والے پروڈونوا والٹ میں اُن کے ’کلین فِنش‘ نے قوم کے دل جیت لئے۔ جیتو نے گزشتہ دو برسوں میں نصف درجن سے زیادہ میڈلس جیتے ، جن میں ایشیاڈ اور کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ اور ورلڈ چمپئن شپس کا سلور شامل ہیں، جس پر وہ ریو گیمز کیلئے کوالیفائی ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں وزارت نے اِس سال کے ارجن ایوارڈ کیلئے 15 اتھلیٹس بھی منتخب کئے، جن میں باکسر شیوا تھاپا، رنر للیتا بابر، کرکٹر اجنکیا رہانے، ہاکی کھلاڑیاں وی آر رگھوناتھ اور رانی رامپال نمایاں نام ہیں۔

TOPPOPULARRECENT