Wednesday , August 22 2018
Home / Top Stories / کہکشاں پروین راجیہ سبھا پیانل کیلئے نامزد

کہکشاں پروین راجیہ سبھا پیانل کیلئے نامزد

ایوان بالا کے صدارتی افسران میں طویل وقفہ کے بعد پہلی خاتون
نئی دہلی۔9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا کے صدر نشین ایم وینکیا نائیڈو نے جے ڈی یو کی رکن پارلیمنٹ کہکشاں پروین کو ایوان کی کارروائی چلانے والے صدارتی افسران کے پیانل کے لیے آج نامزد کیا۔ حالیہ عرصہ میں وہ اس پیانل میں شامل کی جانے والی پہلی خاتون ہیں۔ ایوان میں ارکان کے پہونچتے ہی وینکیا نائیڈو نے کہا کہ گزشتہ روز یوم عالمی خواتین کے موقع پر ارکان کی طرف سے پیش کردہ خواہش کو ملحوظ رکھتے ہوئے کہا کہ کہکشاں پروین کو وہ اس پیانل کی رکن مقرر کررہے ہیں۔ اس اقدام پر 13 اپریل سے اثر ہوگا۔ ایوان کے قواعد کے مطابق صدر نشین ایوان کے ارکان کے منجملہ چھ ارکان کو صدارتی افسر نامزد کرسکتے ہیں، جو صدرنشین اور نائب صدرنشین کے غیاب میں ایوان کی کارروائی چلاسکتے ہیں۔ کہکشاں پروین، بسواراج پاٹل کی جگہ لیں گی۔ پیانل کی میعاد 2 اپریل کو ختم ہورہی ہے۔ وینکیا نائیڈو جو نائب صدر جمہوریہ ہند بھی ہیں راجیہ سبھا کے چیرمین اور پی جے کورین ڈپٹی چیرمین ہیں۔ صدارتی افسران یا نائب صدور نشین کے پیانل میں فی الحال ستیہ نارائنا جاٹیہ، (بی جے پی)، نروپی سیوا (ڈی ایم کے)، ٹی کے رنگاراجن (سی پی ایم)، بھوبنیشور کالٹیا (کانگریس)، بسواراج پاٹل (بی جے پی) اور سکھیندر شیکھر رائے (ٹی ایم سی) شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT