Monday , October 22 2018
Home / ہندوستان / کیا کانگریس نے کرناٹک انتخابات کیلئے کسی کمپنی سے سودے بازی کی ہے ؟

کیا کانگریس نے کرناٹک انتخابات کیلئے کسی کمپنی سے سودے بازی کی ہے ؟

کانگریس سے کیمبرج اینالیٹیکا کے تعلقات پر بی جے پی کا سوال

نئی دہلی۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے ڈاٹا چوری کرنے اور انتخابات کو متاثر کرنے کے الزامات سے گھری کمپنی کیمبرج اینالیٹیکا سے کانگریس کے مبینہ تعلقات کے تعلق سے آئی رپورٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج اس سے پوچھا کہ کیا وہ اس متنازعہ کمپنی کی خدمات کرناٹک اور آئندہ لوک سبھا انتخابات کے لئے لینے والی ہے ۔بی جے پی کے سینئر لیڈر اور قانون اور آئی ٹی کے وزیر روی شنکر پرساد نے یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں سوال کیا کہ آخر کانگریس کے دل میں ایسی کمپنیوں کے تعلق سے محبت کہاں سے آگئی۔ انہوں نے عالمی میڈیا میں کیمبرج اینالیٹیکا کے تعلق سے آئی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کمپنی نے خود دعوی کیا ہے کہ اس نے امریکہ، کینیا اور نائجریا سمیت کئی ممالک کے انتخابات کو متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے پوچھا کیا کانگریس پارٹی نے ان سے کوئی ڈاٹا سودا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ سوال اس لئے پوچھ رہے ہیں کیونکہ کرناٹک کے الیکشن ہونے والے ہیں ۔ حال ہی میں بھی انتخابات ہوئے ہیں۔ کانگریس کو بتانا چاہئے کہ کیا اس نے کمپنی کی ماضی میں بھی خدمات لی ہیں اور کیا کرناٹک میں بھی اس کی خدمات لے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ سنگین سوال ہے ۔ مودی حکومت نے اس معاملہ کو نہایت سنجیدگی سے لیا ہے اور اس بات پر حیرت ظاہر کی کہ تین دن سے یہ معاملہ گرم ہے اور کانگریس اس بارے میں اب تک خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ اسے بتانا چاہئے کہ کانگریس پارٹی کا کیمبرج اینالیٹیکا سے تعلق جاری ہے یا نہیں۔مسٹر پرساد نے کہاکہ حال کے ڈاٹا مائننگ فرم میں کیمبرج اینالیٹیکا کے رول کے بارے میں حال میں روشنی میں آئے و اقعات سے پوری دنیا میں ہنگامہ مچ گیا ہے کیونکہ یہ معاملہ قومی سلامتی اور انتخابی نظام میں غیرجانبداری سے وابستہ ہے ۔
امبیڈکر کے پوسٹر پھاڑنے سے کشیدگی
پھگواڑا۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ 14 اپریل کو ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقد ہونے والے پروگرام کے تعلق سے پنجاب کے پھگواڑا شہر میں لگے پوسٹر پھاڑے جانے سے آج حالات کشیدہ نظر آئے ۔پولیس نے بتایا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی تصویر لگے فلیکس بینر کل شام پھاڑے گئے ۔ پھگواڑا تھانہ انچارج گرمیت سنگھ سدھو نے بتایا کہ ایک مقامی شخص بھولا رائے کی شکایت پرنامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تفتیش کی جاری ہے ۔

TOPPOPULARRECENT