Sunday , December 17 2017
Home / Top Stories / کیرالا کی قدیم مندر میں مہیب آتشزدگی ، 110 ہلاک

کیرالا کی قدیم مندر میں مہیب آتشزدگی ، 110 ہلاک

کرتب بازی کے دوران آگ کے شعلے پٹاخوں کے گودام پر گرنے سے دھماکہ ، 400افراد زخمی
کولم ۔ /10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا میں کل رات بدترین سانحہ پیش آیا جہاں 100 سالہ قدیم پٹنگل دیوی مندر میں آتشیں مظاہرہ کے دوران بڑے پیمانہ پر آگ لگ گئی جس نے ساری مندر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور تقریباً 110 افراد ہلاک اور 400زخمی ہوئے ۔ آتشی کرتب بازی کے لئے حکام سے قبل از وقت کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی ۔ ریاستی حکومت نے ریٹائرڈ ہائیکورٹ جج کے ذریعہ اس کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ اس کے علاوہ کرائم برانچ بھی سانحہ کی تحقیقات کررہی ہے ۔ چیف منسٹر اومن چنڈی نے کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ زخمیوں کو مختلف ہاسپٹلس میں شریک کیا گیا ہے ۔ تقریباً 60 نعشوں کی شناخت کرلی گئی ہے اور دیگر کی شناخت کیلئے سائنٹفک معائینے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے مہلوکین کو فی کس 10 لاکھ روپئے ، شدید زخمیوں کو 2 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 50 ہزار روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس سانحہ کو انتہائی کربناک اور افسوسناک قرار دیتے ہوئے مہلوکین کو فی کس دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ۔ بعد ازاں شخصی طور پر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کیرلا پہونچے اور زخمیوں کی عیادت کی ۔
صدرجمہوریہ ‘ وزیراعظم اور
سونیا گاندھی کا اظہار رنج
نئی دہلی ۔10اپریل( سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے کیرالا میں مندر میں آتشزدگی اور جانی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ٹوئیٹ میں ریاستی حکومت اور دیگر ایجنسیوں پر مہلوکین کے ارکان خاندان کو ممکنہ مدد اور زخمیوں کو طبی علاج بہم پہنچانے پر زور دیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے بھی سانحہ پر رنج و غم کا اظہار کیا ۔

وزیراعظم مودی نے دورہ کیا ‘ پروٹوکول نظرانداز
کولم۔10اپریل(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پٹینگل دیوی مندر میں آتشزدگی واقعہ کے بعد یہاں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا ۔ وہ مقام حادثہ گئے جو ملبہ میں تبدیل ہوگیاتھا اور اسٹور روم کا بھی مشاہدہ کیا جہاں پٹاخے اور دیگر آتشی اشیاء کا ذخیرہ موجود تھا اور اس حادثہ میں وہ پوریطرح خاکستر ہوگیا۔وزیراعظم کے ہمراہ جھلس کر زخمی ہونے والوں کے علاج کے ماہرین پر مشتمل ڈاکٹرس کی ٹیم بھی تھی۔ وہ راست کولم پہنچے اور تمام پرٹوکول بشمول گورنر اور چیف منسٹرکی جانب سے ہیلی پیاڈ پر وزیراعظم کے استقبال کو برخواست کردیا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT