Sunday , December 17 2017
Home / سیاسیات / کیرتی آزاد بی جے پی سے معطل، مزید انکشافات کا اعلان

کیرتی آزاد بی جے پی سے معطل، مزید انکشافات کا اعلان

نئی دہلی ۔ 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج اپنے رکن پارلیمنٹ کیرتی آزاد کو معطل کردیا جو مرکزی وزیرفینانس ارون جیٹلی کے خلاف جو مبینہ طور پر بی ڈی سی اے میں کرپشن میں ملوث ہیں، مہم کی قیادت کررہے تھے۔ کیرتی آزاد پر مخالف پارٹی سرگرمیوں کا اور کانگریس و عام آدمی پارٹی کے ساتھ گٹھ جوڑ کرتے ہوئے بی جے پی کو بدنام کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بی جے پی پارلیمانی بورڈ کے اقدام پر پارٹی کی ابتدائی رکنیت نے فوری ردعمل ظاہر کیا۔ کیرتی آزاد بہار کے انتخابی حلقہ بکسر سے تیسری میعاد کیلئے رکن پارلیمنٹ منتخب کئے گئے تھے۔ انہوں نے پارٹی کے فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے بدبختانہ قرار دیا تاہم دھمکی دی کہ وہ مزید انکشافات کریں گے۔ کیرتی آزاد نے کہا کہ میں آئندہ کیا کرتا ہوں اس کا انتظار کیجئے اور دیکھئے مجھے کبھی توقع نہیں تھی کہ پارٹی اتنی پست سطح تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نامور قائدین جیسے ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی نے بھی سوال نہیں کیا کہ مجھے پارٹی سے معطل کرنے کی حقیقی وجہ کیا ہے۔ کیرتی آزاد نے اپنے معطل کئے جانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے معطل کرنے کے مقررہ طریقہ کار کی پابندی نہیں کی۔ انہیں ایسا اقدام کرنے سے پہلے کوئی وجہ بتاؤ نوٹس نہیں دی گئی ۔ ان پر عائد الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے انہوںنے ان الزامات کو مسترد کردیا جبکہ اپوزیشن نے اس اقدام پر بی جے پی پر سخت تنقید کی۔

TOPPOPULARRECENT