Wednesday , November 22 2017
Home / کھیل کی خبریں / کیریئر میں صرف چار عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا : فرگیوسن

کیریئر میں صرف چار عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا : فرگیوسن

لندن۔22 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )  انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق منیجر سر ایلکس فرگیوسن نے کہا ہے کہ انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ میں اپنے 26 سالہ کیریئر میں صرف چار ورلڈ کلاس کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا۔ اپنے عہد میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو دو چمپینس لیگ اور 13 پریمیئر لیگ جتوانے والے فرگیوسن نے 2013ء میں منیجر کے عہدے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔وہ ان دنوں مانچسٹر یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر ہونے کے ساتھ ہارورڈ بزنس اسکول میں لیکچرر بھی ہیں۔فرگیوسن نے حال ہی میں مینجمنٹ کے فن کے حوالے سے ’لیڈنگ‘ کے نام سے کتاب جاری کی ہے جس میں انہوں نے کئی انکشافات کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے تجربے سے بھی آگاہ کیا ہے۔ایک انٹرویو میں فرگیوسن نے کہا کہ میں نے کئی بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا لیکن پال اسکولز، ایرک کنٹونا، کرسٹیانو رونالڈو اور ریان گگز میری نظر میں سب سے بہترین رہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب نومبر 1992ء میں ہم نے کنٹونا کو سائن کیا تو ہم لیگ جیتنے میں کامیاب رہے، یہ ان کی موجودگی ہی تھی  جس کی وجہ سے ہم خوبی سے گول اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے سابق منیجر نے کہا کہ ریان گگز اور پال اسکولز کا طویل عرصہ کھیلنا شاندار رہا۔اس موقع پر انہوں نے کرسٹیانو کی تعریف میں کہا کہ وہ انتہائی ذہین کھلاڑی ہیں۔ فرگیوسن نے کہا کہ وین رونی، ڈیوڈ بیکہم، روئے کین، کارلوس ٹیوز اور ریو فرڈیننڈ بھی عظیم کھلاڑی تھے لیکن متذکرہ چار کھلاڑی ان سب میں بہترین رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT