Sunday , December 17 2017
Home / دنیا / کیلیفورنیا شوٹ آوٹ کے تمام 14 مہلوکین کی شناخت ہوگئی

کیلیفورنیا شوٹ آوٹ کے تمام 14 مہلوکین کی شناخت ہوگئی

لاس اینجلس۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کیلیفورنیا شوٹ آوٹ میں تمام 14 مہلوکین کی شناخت ہوگئی ہے جن میں سب سے کم عمر مہلوک 26 سال کا اور سب سے معمر 60 سال کا بتایا گیا ہے۔ میاں۔ بیوی کے ذریعہ کئے گئے حملے میں مہلوکین کے نام اس طرح ہیں۔ شینن جانسن 45، یونیٹا بیٹ بادل 46، اروڑہ گوڈوئے26  ،آئزاک امونیس 60، لیری کوفمین 42، ہیری بومین 46، ویت ویلاسکو 27، رابرٹ آڈمس 40، سیراکلے بورن 27، نکولس تھلاسنیوس 52، ٹین گوین 31، جوان ایسپینوزا 50، ڈیمیئن مینس 58 اور مائیکل ویزل 37 سال ہیں۔ اس موقع پر سان برناڈینو کے شیریف جان میک موہن نے کہا کہ شوٹ آؤٹ کے اس واقعہ نے مہلوکین کے ارکان خاندان، رشتہ دار اور دوست احباب کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔ وہ سب لوگ اتنے غم زدہ ہیں کہ انہیں فی الحال تسلی دینا بھی ممکن نہیں۔ یاد رہے کہ 28 سالہ سید فاروق اور اس کی اہلیہ 27 سالہ تشفین ملک نے ایک سوشیل سرویس سنٹر میں داخل ہوکر گولیوں کی بوچھار کردی تھی۔
کیلیفورنیا حملہ دہشت گردوں کی کارستانی : ٹرمپ
واشنگٹن ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ری پبلکن کے کلیدی صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ کیلیفورنیا میں فائرنگ کا جو دلدوز واقعہ پیش آیا ہے، وہ سوائے دہشت گردی کے اور کچھ نہیں جس میں 14 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ایک اور خونریز واقعہ ہے جو گذشتہ کچھ عرصہ سے جاری حملوں کے سلسلہ کی کڑی ہے جو سوائے جارحیت پسند اسلامی دہشت گردی کے اور کچھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی میں ملوث افراد کے ناموں کو دیکھئے۔ یہ بھی دیکھئے کہ واقعات کس طرح رونما ہوئے۔ میرے خیال میں یہ سوائے دہشت گردی کے اور کچھ نہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ کچھ عرصہ سے یہی کہتے آرہے ہیں کہ سماج کے بعض گروپس پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بعض مساجد میں جاری سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جائے۔ گذشتہ ہفتہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک ایسا بیان دیا تھا جو یقیناً متنازعہ تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ 2001ء میں نیویارک کے جڑواں ٹاورس کی تباہی پر نیویارک اور نیوجرسی کے مسلمانوں نے خوشی کا اظہار کیا تھا۔ ٹرمپ کے اس ریمارک کی سیاسی حلقوں میں مذمت کی گئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT