Sunday , December 17 2017
Home / دنیا / کینیڈا کے لڑاکا طیاروں کی داعش پر آخری مرتبہ بمباری

کینیڈا کے لڑاکا طیاروں کی داعش پر آخری مرتبہ بمباری

اوٹاوہ ۔ 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عراق اور شام میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے خلاف فضائی مہم میں شریک کینیڈا کے F-18 لڑاکا طیاروں نے اپنا مشن مکمل کر لیا ہے اور انھوں نے آخری مرتبہ داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ کینیڈا کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ کینیڈا کے لڑاکا طیاروں نے عراق کے مغربی شہر فلوجہ کے نواح میں داعش کے ٹھکانوں کو اپنے آخری حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔کینیڈین طیاروں نے گذشتہ اتوار کو اپنی آخری پروازیں کی تھیں۔ کینیڈا کے لبرل وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے گذشتہ سال کے آخر میں برسراقتدار آنے کے بعد آئندہ چند ہفتوں میں عراق اور شام میں داعش کے خلاف فضائی مہم میں شریک اپنے چھ لڑاکا طیاروں کو واپس بلانے کا اعلان کیا تھا۔اب کینیڈا شمالی عراق میں کرد ملیشیا کی عسکری تربیت کے لیے اپنے خصوصی دستوں کی تعداد تین گنا کردے گا اور یہ تعداد بڑھا کر 210 کردی جائے گی۔ کینیڈا کا سی سی-150 ٹی ایندھن بھرنے والا طیارہ پولیرس اور جاسوس طیارہ سی پی 140 آرورا امریکہ کی قیادت میں داعش مخالف مہم میں شریک رہے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکہ ،فرانس اور برطانیہ نے خانگی طور پر کینیڈا کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ اس سے داعش مخالف کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔کینیڈا کی سابق قدامت پسند حکومت نے امریکہ کی قیادت میں داعش مخالف جنگ میں شرکت کا فیصلہ کیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT