Sunday , December 17 2017
Home / سیاسیات / کیپٹن امریندر سنگھ پنجاب میں طاقتور کانگریسی لیڈر

کیپٹن امریندر سنگھ پنجاب میں طاقتور کانگریسی لیڈر

چندی گڑھ 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ایک طاقتور علاقائی لیڈر امریندر سنگھ نے پارٹی کو پنجاب میں زبردست سیاسی و انتخابی جدوجہد کے بعد اقتدار پر واپس لایا ہے جس کے دوران شرومنی اکالی دل کو شکست فاش ہوئی اور عام آدمی پارٹی کا دہلی کے باہر اپنے قدم جمانے کا خواب بکھر گیا۔ 75 سالہ امریندر جو معزز اور مقبول عام لیڈر ہیں، اُنھوں نے کانگریس کو زبردست کامیابی دلاتے ہوئے 117 رکنی اسمبلی میں 77 نشستوں کا حصول یقینی بنایا اور دوسری مرتبہ چیف منسٹر کے منصب پر فائز ہوگئے۔ پنجاب میں کیپٹن امریندر کی 10 سال بعد جیت نے اس قدیم پارٹی کے احیاء کی اُمیدیں بھی جگادی ہیں۔ سیاست دانوں کی ایسی انوکھی نسل سے تعلق رکھنے والے امریندر جنھوں نے ہند ۔ پاک جنگ کا ایکشن دیکھا ہے، اُنھیں اس مرتبہ اکالی دل سربراہ پرکاش سنگھ بادل کی حکومت کے خلاف کامیابی حاصل ہوئی۔ وہ 2007 ء اور 2012 ء میں اپنی کوششوں میں پرکاش سنگھ بادل کو نہیں ہرا پائے تھے۔ کبھی اکالی دل کے لیڈر رہنے والے پٹیالہ کے سپوت نے 1965 ء کی جنگ لڑی تھی جبکہ وہ اپنے استعفے کے چند ماہ بعد دوبارہ فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ جنگ کے اختتام پر وہ بہادر سپاہی کی حیثیت سے فوج سے دوبارہ مستعفی ہوگئے۔ پنجاب کانگریس کے سربراہ اور پٹیالہ ایم پی پرینیت کور کے شوہر امریندر سنگھ پٹیالہ کے آنجہانی مہاراجہ یادو اندر سنگھ کے فرزند ہیں۔ اُن کا سیاسی کیرئیر جنوری 1980 ء میں شروع ہوا جب وہ ایم پی منتخب ہوئے لیکن وہ 1984 ء میں آپریشن بلو اسٹار کے دوران سنہری گردوارے میں فوج کے گھس آنے کے خلاف بطور احتجاج کانگریس اور لوک سبھا سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT