Sunday , December 17 2017
Home / ہندوستان / کے دفاع کیلئے جموں وکشمیر کے تینوں خطے متحد:این سی A 35 دفعہ

کے دفاع کیلئے جموں وکشمیر کے تینوں خطے متحد:این سی A 35 دفعہ

جموں،25ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس (این سی) کا کہنا ہے کہ آئین ہند کی دفعہ 35A کے دفاع کے لئے ریاست کے تینوں خطے متحد ہیں اور تینوں خطوں کے لوگ جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی مراعات کا دفاع کرنے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفے ٰ کمال نے پیر کے روز یہاں شیر کشمیر بھون میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 35A کے خلاف ہورہی سازشوں پر ریاست کے تینوں خطوں میں جو ردعمل دیکھنے کو ملا ہے اُس سے یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ اس دفعہ کے دفاع کے لئے تینوں خطوں کے لوگ یک زبان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بعض مفاد پرستوں اور ریاست دشمنوں نے دفعہ 35A کو مذہبی اور علاقائی رنگت دینے کی خوب کوشش کی اور اس دفعہ کو مخصوص خطے اور مذہب کے لوگوں کے لئے سود مند قرار دینے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی لیکن ان شرپسند عناصر کا مکروہ منصوبے اور پروپیگنڈا اُس وقت ناکام ثابت ہوا جب اس دفعہ کے خلاف ہورہی سازشوں پر ریاست کے تینوں خطوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ دفعہ 35A کے خاتمے سے سب سے زیادہ نقصان جموں کو اُٹھانا پڑے گا۔ پی ڈی پی۔بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں ریاست کی خصوصی پوزیشن، آپسی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کو پارہ پارہ کرنے کے لئے مذموم سازشیں رچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی سربراہی والی حکومت ہر لحاظ سے ناکام ہوگئی ہے اور اب اس جماعت کے قائدین کے پاس زہرافشائی، جھوٹ اور فریب کاری پر مبنی بیان بازی اور من گھڑت کہانیاں سنانے کے علاوہ کئی کام باقی نہیں رہ گیاہے ۔

TOPPOPULARRECENT