Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر سے ملاقات کی تردید ، کانگریس میں رہنے کا عزم

کے سی آر سے ملاقات کی تردید ، کانگریس میں رہنے کا عزم

کے آر سریش ریڈی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی افواہ پر کیپٹن اتم کمار سے ملاقات اور میڈیا سے خطاب
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے سینئیر قائد و سابق اسپیکر اسمبلی مسٹر کے آر سریش ریڈی نے فارم ہاوز میں چیف منسٹر سے ملاقات کرنے اور ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریسی ہے اور آخری سانس تک کانگریسی ہی رہیں گے ۔ مسٹر کے آر سریش ریڈی کی ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی افواہیں عام ہوتے ہی آج صبح امریکہ سے حیدرآباد پہونچنے والے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے سریش ریڈی اور دوسرے قائدین سے بات چیت کی بعد ازاں گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق اسپیکر نے کہا کہ انہوں نے کبھی چیف منسٹر کے سی آر کے فارم ہاوز نہیں گئے اور نہ ہی وہ ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ رکھتے ہیں ۔ ان کا خاندان گذشتہ 100 سال سے کانگریس سے وابستہ ہے ۔ وہ بھی 20 سال رکن اسمبلی رہے زیادہ تر ان کا وقت اپوزیشن میں ہی گذارا ہے ۔ وہ کانگریس سے وابستہ رہتے ہوئے اپنے علاقے کی ترقی اور عوام کی خدمات انجام دیتے رہیں گے اور پارٹی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کام کریں گے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل دہلی میں طلب کردہ کل جماعتی اجلاس میں وہ بحیثیت نمائندہ تلنگانہ اجلاس میں شریک ہوئے تب ہی پہلی اور آخری مرتبہ چیف منسٹر کے سی آر سے ان کی ملاقات ہوئی تھی اس کے بعد وہ کبھی ایک دوسرے سے نہیں ملے ۔ وہ کانگریس کے کارکن ہے اور کانگریس پارٹی میں رہتے ہوئے عوامی خدمات انجام دیں گے ۔ سابق اسپیکر کے آر سریش ریڈی نے کہا کہ آزادی کے بعد جواہر لعل نہرو نے سیاست کو بازو رکھتے ہوئے سب کو ساتھ لے کر کام کیا ہے ۔ جس کی وجہ سے آج ہندوستان کا شمار ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے ۔ اس طرح تلنگانہ بھی نئی ریاست بنی ہے ۔ تلنگانہ کی ترقی کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے کے سی آر کام کریں جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لیے اپوزیشن کا تعمیری رول ضروری ہے ۔ تعمیری رول کو حکومت مخالفت نہ سمجھے اور نہ ہی اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کریں ۔ اس سے جمہوریت کو نقصان پہونچے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT