کے سی آر کا خاندان تلنگانہ کے قدرتی وسائل کو لوٹ رہا ہے

ریت مافیا کو حکومت کی سرپرستی، معدنیات کے ذخائر پر لٹیروں کا راج۔ کانگریس کا جلسہ عام

حیدرآباد۔/7مارچ، ( سیاست نیوز) صدرتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خاندان کو لٹیروں کا خاندان قرار دیتے ہوئے ریت مافیا کیلئے اسمبلی حلقہ سرسلہ کو مرکز بنادینے کا الزام عائد کیا۔ آج سرسلہ میں منعقدہ کانگریس کے پرجا چیتنیہ یاترا کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر، سابق ارکان پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ، پونم پربھاکر ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکراما مارک کانگریس کے ارکان اسمبلی ٹی جیون ریڈی، ریونت ریڈی، رام موہن ریڈی، سمپت کمار سابق مرکزی وزراء سروے ستیہ نارائنا، بلرام نائیک، کے کے مہندر ریڈی، جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ، سید عظمت اللہ حسینی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے فرزند وزیر معدنیات کے ٹی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معدنیات کے تمام کنٹراکٹ اپنے ارکان خاندان میں تقسیم کرلئے جو بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں کرتے ہوئے تلنگانہ کے قدرتی وسائل کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے آخری دورہ گزشتہ سال اگسٹ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ریت مافیا کے دباؤ کا شکار ہوکر پولیس نے معصوم افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے انہیں ہراساں و پریشان کیا تھا۔ ریت سے بھری لاری نے قبائیلی طبقہ کے بھومیا کو روندتے ہوئے اس کی جان لے لی تھی جس کے خلاف مقامی عوام نے احتجاج کیا جس پر پولیس نے چند افراد کو پکڑتے ہوئے ان کے خلاف تھرڈ ڈگری کا استعمال کیا تھا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کیا ہم پاکستان، برما یا نارتھ کوریا میں جی رہے ہیں؟ یہ جوکرس اور بروکرس ریت مافیا کے اشاروں پر ڈانس کررہے ہیں۔ نیرلا کے واقعہ پر ایس پی نے قانون کے تحت کوئی کارروائی نہیں کی۔ اتم کمار ریڈی نے ٹی آر ایس قائدین کو اپنی حرکتوں سے باز آجانے کا مشورہ دیا بصورت دیگر کانگریس اقتدار میں آنے کے بعد ان کے ساتھ بھی وہی سلوک کرنے کا انتباہ دیا اور الزام عائد کیا کہ کے سی آر کے ارکان خاندان تلنگانہ کے قدرتی وسائل کو لوٹ کر اپنی تجوریاں بھررہے ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے میں اہم رول ادا کرنے والی دلت سابق اسپیکر لوک سبھا میرا کمار کی توہین کرنے کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کے فرزند کے ٹی آر پر الزام عائد کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کے ٹی آر کی جانب سے ان کے خلاف کوداڑ میں جلسہ کا انعقاد کرتے ہوئے جھوٹے الزامات عائد کرنے کا دعویٰ کیا، آئندہ سے احتیاط برتنے پر زور دیا بصورت دیگر سنگین نتائج کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں عیش و آرام کی زندگی گذارنے والے کے ٹی آر کو لوٹتے ہی وزیر بنادینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ فائیٹر پائیلٹ کی حیثیت سے انڈین ایر فورس میں خدمات انجام دے چکے ہیں اپنی زندگی کو خطرہ میں ڈال کر پاکستان اور چین کی سرحدوں پر ہندوستان کی سیکورٹی کیلئے کام کرچکے ہیں۔ فوجی کے خلاف الزامات عائد کرنے سے قبل اپنا محاسبہ کرنے کا انہوں نے کے ٹی آر کو مشورہ دیا۔سرسلہ کی ترقی کیلئے کوئی کام نہ کرنے کا کے ٹی آر پر الزام عائد کیا ۔اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ کے ٹی آر کو بچہ قرار دے چکے ہیں لیکن ان کے دوستوں نے انہیں مشورہ دیا کہ بچہ نہیں بلکہ لُچا قرار دیا جائے۔ مشن بھگیرتا ، مشن کاکتیہ کے نام پر ریاست کے خزانے کو لوٹ لینے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوٹ بوٹ زیب تن کرنے والے کے ٹی آر صرف ٹوئٹر تک محدود ہیں۔4 ہزار کسانوں کی خودکشی پر انہوں نے کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا اور نہ ہی متاثرہ کسانوں کے ارکان خاندان کو پرسہ دینا مناسب سمجھا۔ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں 5 ہزار صنعتیں بند ہوجانے کا دعویٰ انہوں نے دعویٰ کیا۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے ہتھیلی میں جنت دکھانے والے کے ٹی آر کی آئندہ انتخابات میں ضمانت ضبط کروانے کی سرسلہ کے عوام سے اپیل کی۔ کانگریس کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد بافندوں کو مفت برقی سربراہ کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے غورکرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کو جھوٹوں کا سردار اور ان کے فرزند کے ٹی آر کو لوفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں میں ایک وعدہ کو بھی پورا نہیں کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ کے ساتھ انصاف کرنے کیلئے علحدہ ریاست تشکیل دی تاہم کے سی آر نے اپنے ارکان خاندان کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کردیا ۔ ریاست میں 4ہزار کسانوں نے خودکشی کی اس پر کوئی تونہ نہیں دی اور نہ ہی وعدہ کے مطابق مسلمانوں اور قبائیلیوں کو 12فیصد تحفظات فراہم کئے گئے۔ کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے کانگریس حکومت تشکیل پانے کے بعد ضلع سرسلہ کو مثالی ضلع میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔ کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ نے کے ٹی آر کو اتم کمار ریڈی کی شریک حیات کے حلقہ اسمبلی میں پہنچ کر نمائندگی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمت ہے تو ریونت ریڈی کے حلقہ میں جاکر دکھائیں۔

TOPPOPULARRECENT