Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر کا مسلمانوں کو دھوکہ ، 12 فیصد تحفظات کا وعدہ وفا نہ ہوسکا

کے سی آر کا مسلمانوں کو دھوکہ ، 12 فیصد تحفظات کا وعدہ وفا نہ ہوسکا

پرانے شہر کے سینکڑوں نوجوانوں کی تلگو دیشم میں شمولیت ، علی مسقطی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : پرانا شہر کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تقریبا 200 سے زائد بلا لحاظ مذہب و ملت نوجوانوں نے آج اولڈ سٹی تلگو دیشم پارٹی آفس کوٹلہ عالیجاہ پہونچ کر اولڈ سٹی انچارج و ریاستی آرگنائزنگ سکریٹری جناب علی مسقطی سے ملاقات کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کی اور ان نوجوانوں نے عہد کیا کہ وہ تلگو دیشم کے پرچم تلے بلالحاظ مذہب و ملت عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں گے ۔ بعد ازاں شاہ علی بنڈہ ڈیویژن کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں مجوزہ بلدی انتخابات کے تناظر میں جائزہ لیا گیا ۔ شاہ علی بنڈہ ڈیویژن کے صدر سید لئیق الدین نے علی مسقطی کو شاہ علی بنڈہ ڈیویژن میں صدر تلگو دیشم پارٹی کے موقف سے واقف کرواتے اور بتایا کہ تلگو دیشم برسر اقتدار نہ ہونے کے باوجود پارٹی کے قائدین اور کارکنان شاہ علی بنڈہ کے عوام کے مسائل کی یکسوئی میں مصروف ہیں ۔ علی مسقطی نے صدارتی خطاب میں ٹی آر ایس حکومت کی 2 سالہ کارکردگی پر شدید نکتہ چینی کی اور کہا کہ چندر شیکھر راؤ کے بلند بانگ دعوؤں کی قلعی اس وقت کھل گئی جب کہ انہوں نے 12 فیصد تحفظات مسلمانوں کو فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے مسلمانوں کو صرف دلاسہ دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چندر شیکھر راؤ واقعی مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ ہوتے تو پھر حالیہ قانون ساز کونسل میں ایک مسلم قائد کو قانون ساز کونسل کے لیے منتخب کرواتے ، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا جس سے ان کے پوشیدہ عزائم کا پتہ چلتا ہے ۔ اجلاس میں زبیر بن سلیم العمودی ، انیس الرحمن سینئیر قائد ، اکبر غوری ، ایم اے ستار ، سید شاہ ، سید عارف ، امتیاز احمد ، حمید خاں ، سید کلیم الدین ، صالح بن سعید ، محمد سلیم کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض سینئیر تلگو دیشم قائد و سابق رکن ادارہ سٹ ون جناب صلاح الدین لودھی نے انجام دیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT