Monday , June 25 2018
Home / اضلاع کی خبریں / کے سی آر کا مسلمانوں کے ساتھ سوتیلا سلوک

کے سی آر کا مسلمانوں کے ساتھ سوتیلا سلوک

کاغذ نگر میں جبار خان ضلع صدر میناریٹی سل کی پریس کانفرنس

کاغذ نگر میں جبار خان ضلع صدر میناریٹی سل کی پریس کانفرنس

کاغذ نگر۔/4اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد جبار خان ڈسٹرکٹ پریسیڈنٹ ضلع عادل آباد میناریٹی سیل ٹی آر ایس نے اپنی رہائش گاہ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سربراہ مسٹر چندر شیکھر راو ایفائے عہد کے پابند نہیں۔ ان کا قول و افعل متضاد ہے۔ انہوں نے خود وعدہ کیا تھا کہ اسمبلی الیکشن میں وہ ہر ضلع میں ایک مسلم امیدوار کو الیکشن میں حصہ لینے کا موقع دیں گے لیکن وہ وعدہ خلافی کرکے مسلمانوں کی دل آزاری کررہے ہیں اور دن بہ دن مسلمانوں سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ حالانکہ مسلمانوں نے تلنگانہ تحریک میں شانہ بہ شانہ رہ کر ان کا ساتھ دیا اور جانوں کی قربانیاں بھی دیں۔ اس بات کا انہیں ذرا بھی احساس نہیں ہے۔ مسلمانوں کی قربانیاں رائیگاں ہوگئیں اگر ان کے دل میں مسلمانوں کے لئے ہمدردی ہوتی تو وہ مسلمانوں کے ساتھ سوتیلا سلوک نہ کرتے بلکہ اپنے وعدہ پر قائم رہتے۔ جناب جبار خان نے کہا کہ تلنگانہ میں ریڈی ذات کے لوگ 2فیصد ہیں، راؤ ذات کے لوگ صرف ایک فیصد ہیں اور چودھری ذات کے لوگ صرف 0.5فیصد ہیں جبکہ میناریٹی اور دلت طبقہ کے لوگ 60فیصد ہیں لیکن اعلیٰ ذات کے طبقہ کو ہی اہمیت دینا انہوں نے اپنا وطیرہ بنالیا ہے۔ جناب جبار خان نے کہا کہ ضلع میں دس اسمبلی کی نشستیں ہیں اور حلقہ اسمبلی میں مسلمانوں کی آبادی بھی اچھی خاصی ہے۔ اس اعتبار سے انہیں مسلمان امیدوار کو ہی الیکشن میں حصہ لینے کا موقع دینا چاہیئے۔ اگر اسمبلی الیکشن میں مسلمانوں کو ٹکٹ نہ دیا گیا تو مسلمانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہوگی اور مسلمان اسمبلی الیکشن میں انہیں سبق سکھائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT