Saturday , October 20 2018
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر کا کانگریس اور مجلس سے ’ فرینڈلی میچ ‘ عوام کو دھوکہ

کے سی آر کا کانگریس اور مجلس سے ’ فرینڈلی میچ ‘ عوام کو دھوکہ

چیف منسٹر کے افراد خاندان کو ملازمت مل گئی ‘ نوجوان ہنوز محروم ‘ بی جے وائی ایم صدر پونم مہاجن
حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کی قومی سربراہ و بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ پونم مہاجن نے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر کانگریس اور مجلس سے ’’فرینڈلی میچ‘‘ کھیلتے ہوئے ریاست کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا۔ ملازمت کی فراہمی کے معاملے میں چیف منسٹر کو وعدہ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کے ارکان خاندان کو تو ملازمت مل گئی مگر نوجوانوں کو روزگار فراہم نہ کرنے پر وضاحت طلب کی۔ بی جے وائی ایم کی جانب سے سرور نگر اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن، بی جے پی کے فلور لیڈر جی کشن ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ پونم مہاجن نے کہا کہ نوجوان بڑے سپنے لے کر تلنگانہ تحریک کا حصہ بنے تھے۔ بڑی سی بڑی قربانی دی۔ نوجوانوں اور طلبہ کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے بی جے پی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں وعدے کے مطابق تلنگانہ بل کی تائید کی۔ علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پانے کے بعد کے سی آر کے ارکان خاندان کو ملازمت مل گئی مگر بیروزگار نوجوانوں کو روزگار سے محروم کرتے ہوئے ان کے سپنوں کو چور چور کردیا گیا۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر، کانگریس اور مجلس سے دوستانہ میچ کھیلتے ہوئے نوجوانوں کے جذبات سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ دن کے اجالے میں کانگریس کے کے ساتھ اور رات کے اندھیرے میں مجلس کے ساتھ آنکھ مچولی کھیل رہے ہیں۔ پونم مہاجن نے ٹی آر ایس کو ایک پرائیویٹ لمیٹیڈ کمپنی قرار دیا اور کہا کہ جنوری میں حیدرآباد میں منعقد ہونے والی بائیک ریالی میں وہ سب سے آگے رہیں گی۔ بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ نے چیف منسٹر تلنگانہ کی جانب سے حضور نظام کی تعریف کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ ٹی آر ایس فوری اپنی روش بدل لیں، ورنہ اس کو سنگین نتائج سے دوچار ہونا پڑے گا۔ ملازمتوں کی فراہمی کے معاملے میں کیا ہوا تیرا وعدہ چیف منسٹر سے استفادہ کیا۔ پونم مہاجن نے ڈم بجاتے ہوئے نوجوانوں کو پرجوش کردیا اور حکومت سے جنگ لڑنے کیلئے تیار ہوجانے کا مشورہ دیا۔ بی جے وائی ایم کی قومی صدر نے کہا کہ ’’وہ تلنگانہ کی بیٹی ہے اور آندھرا پردیش کی بہو ہے۔ تلنگانہ کی خوشبو مہاجن کے خون میں رچی بسی ہے‘‘۔ صدر تلنگانہ بی جے پی ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نوجوانوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ انتخابات کے دوران ہر گھر کو ایک ملازمت دینے کا وعدہ کیا گیا جس پر آج تک عمل آوری نہیں کی گئی۔ حکومت نوجوانوں کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہی ہے۔ ملازمت کی فراہمی کیلئے فوری کیلنڈر جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ فلور لیڈر بی جے پی جی کشن ریڈی نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کی قربانیوں سے اقتدار حاصل کرنے والی ٹی آر ایس حکومت ان کے خلاف انتقامی کارروائی کررہی ہے۔ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو سیاسی طور پر بیروزگار بنانے کا انتباہ دیا۔

TOPPOPULARRECENT