Tuesday , December 12 2017
Home / اضلاع کی خبریں / کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ترقی کی طرف گامزن

کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ترقی کی طرف گامزن

رکن پارلیمان ظہیرآباد بی بی پاٹل کا میڈیاسے خطاب
سنگاریڈی۔/19ستمبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن پارلیمان ظہیرآباد بی بی پاٹل نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت وزیر اعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں ترقی کی سمت گامزن ہے اور وزیر اعلیٰ کے سی آر کا مقصد ہے کہ تلنگانہ کے عوام ہر وقت خوشحال رہیں۔ اس مقصد کے تحت تمام مذاہب کے عید اور تہواروں کو سرکاری طور پر منارہے ہیں تاکہ ریاست تلنگانہ کی گنگا جمنی تہذیب برقرار رہے۔ بی بی پاٹل رکن پارلیمان ظہیرآباد نے کہا کہ میں گزشتہ 35 سال سے سیاست میں ہوں اور میں ضلع کاماریڈی کے منڈل مدنور کے موضع سرپور کا متوطن ہوں۔ وزیر اعلیٰ کے سی آر کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی اسکیمات جیسے مشن بھگیرتا، مشن کاکتیہ، ہریتا ہارم پروگرام کے علاوہ غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے شادی مبارک و کلیانہ لکشمی اسکیم، ڈبل بیڈ روم مکانات، حاملہ خواتین میں کے سی آر کٹس کی تقسیم، بیروزگار نوجوانوں کو خود روزگار اسکیم کے تحت قرضہ جات کی فراہمی اور ٹی پی سی سی تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھاری پیمانے پر ملازمتیں فراہم کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کا مقصد ہی مقامی نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی ہے۔ انہوں نے اپنے پارلیمانی حلقہ پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ظہیرآباد پارلیمانی حلقہ کے نارائن کھیڑ اسمبلی حلقہ میں بھاری پیمانے پر صنعتوں کے قیام کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کا ایک انتہائی پسماندہ حلقہ میں شمار کیا جاتا ہے اور اس حلقہ کی ترقی میری اولین ترجیح ہے۔ حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ میں صنعتوں کے قیام سے تقریباً 40 ہزار مقامی نوجوانوں کو حصول روزگار میں آسانی ہوگی۔ رکن پارلیمان ظہیرآباد بی بی پاٹل نے کہا کہ 2019 میں ٹی آر ایس حکومت بہترین کارکردگی کی بدولت دوبارہ برسر اقتدار آنا یقینی ہے کیونکہ ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر ایک حرکیاتی و مدبر قائد ہیں جنہوں نے 2014 میں علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کو یقینی بناتے ہوئے سارے ملک میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو منوانے میں کامیابی حاصل کی۔

 

TOPPOPULARRECENT