Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر کی قیام گاہ اور تلنگانہ بھون میں زبردست جشن

کے سی آر کی قیام گاہ اور تلنگانہ بھون میں زبردست جشن

جئے تلنگانہ کے فلک شگاف نعرے ، مجسمہ تلنگانہ تلی پر پھول نچھاور ، گن پارک پر گلہائے عقیدت کی پیشکشی

جئے تلنگانہ کے فلک شگاف نعرے ، مجسمہ تلنگانہ تلی پر پھول نچھاور ، گن پارک پر گلہائے عقیدت کی پیشکشی

حیدرآباد۔/16مئی ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں شاندار کامیابی پر ٹی آر ایس کے سربراہ چندر شیکھر راؤ کی قیامگاہ اور تلنگانہ بھون پر زبردست جشن منایا گیا۔ آج صبح جیسے ہی رائے شماری کا آغاز ہوا، چندر شیکھر راؤ اپنی قیامگاہ پر سینئر قائدین کے ساتھ نتائج کا جائزہ لے رہے تھے۔ ان کی قیامگاہ کے روبرو بڑی تعداد میں حامی اور پارٹی کارکن جمع ہونے لگے۔ دوسری طرف تلنگانہ بھون میں صبح ہی سے جشن کا ماحول تھا کیونکہ رائے شماری کے آغاز کے ساتھ ہی رجحانات ٹی آر ایس کے حق میں آنے لگے۔ سینکڑوں کی تعداد میں ٹی آر ایس کارکن اور حامی تلنگانہ بھون پر جمع ہوگئے اور آتشبازی اور سامعہ نوازی کے ذریعہ رقص کرنے لگے۔ کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ دوپہر تک نتائج کی صورتحال واضح ہوچکی تھی جس کے بعد کے سی آر کی قیامگاہ اور تلنگانہ بھون پر جشن میں اضافہ ہوگیا۔ مختلف قائدین کے سی آر سے ملاقات کیلئے تلنگانہ بھون پہنچنے لگے حتیٰ کہ شہر اور قریبی اضلاع سے منتخب ہونے والے ٹی آر ایس امیدوار بھی کے سی آر کی قیامگاہ پہنچ گئے۔ کے سی آر نے تمام نتائج منظر عام پر آنے کے بعد تلنگانہ بھون پہنچنے کا فیصلہ کیا جس پر ہزاروں کی تعداد میں کارکن تلنگانہ بھون میں جمع ہوگئے۔ چندر شیکھر راؤ شام 5:15 بجے تلنگانہ بھون پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ہزاروں ٹی آر ایس حامیوں نے ’ جئے تلنگانہ‘ اور ’ ہمارا قائد کیسا ہو، کے سی آر جیسا ہو ‘ کے نعرے لگارہے تھے۔

چندر شیکھر راؤ کی گاڑی کو حامیوں نے گھیر لیا جس کے باعث سیکوریٹی حکام کو گاڑی آگے کرنے میں دشواری پیش آرہی تھی۔ کے سی آر نے تلنگانہ بھون کے احاطہ میں واقع تلنگانہ تلی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے اور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے گن پارک پہنچ کر تلنگانہ شہیدان کی یادگار پر بھی گلہائے عقیدت پیش کئے۔ تلنگانہ بھون پہنچنے پر کارکنوں نے زبردست آتشبازی کی۔ ٹی آر ایس کے حامی کے سی آر سے ملاقات کیلئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے تھے جبکہ کے سی آر نے کسی سے ملاقات نہیں کی اور وہ گاڑی میں بیٹھے رہے۔ ایک مرحلہ پر انہوں نے کچھ دیر کیلئے گاڑی سے نکل کر کامیابی کا نشان دکھاتے ہوئے حامیوں کے استقبال کا جواب دیا۔ تلنگانہ بھون میں سیکوریٹی حکام نے چندر شیکھر راؤ کو پیدل چلنے کی اجازت نہیں دی اور ان کی گاڑی کے اطراف حفاظتی حصار بناتے ہوئے گاڑی کو آگے کیا گیا۔ کے سی آر کی گاڑی پر حامیوں نے پھول نچھاور کئے اور پارٹی کی کامیابی پر کارکن جذبات سے بے قابو دکھائی دے رہے تھے۔ سینئر قائدین ڈاکٹر کیشو راؤ اور ہریش راؤ کے سی آر کے ہمراہ تھے اور انہیں بھی کارکنوں کی دھکم پیل کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک مرحلہ پر چندر شیکھر راؤ نے آتشبازی بند کرنے کی ہدایت دی اور کارکنوں کے ان کی جانب ٹوٹ پڑنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ تلنگانہ بھون میں سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس پی راملو کے علاوہ سینئر قائدین این نرسمہا ریڈی، سوامی گوڑ اور ای راجندر نے کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کے شاندار مظاہرہ پر مبارکباد پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT