Thursday , April 19 2018
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر کی ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی سے بات چیت

کے سی آر کی ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی سے بات چیت

عاجلانہ صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار۔ کویتا نے ہاسپٹل پہنچ کر عیادت کی
حیدرآباد۔/3فبروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے فون پر بات کی اور خیریت دریافت کی۔ چیف منسٹر نے عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے ڈاکٹروں کی ٹیم کو ہدایت دی کہ وہ ڈپٹی چیف منسٹر کے علاج پر خصوصی توجہ دیں۔ واضح رہے کہ سینہ میں تکلیف کی شکایت پر ڈپٹی چیف منسٹر کو جمعہ کو اپولو ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں ان کے مکمل معائینے کئے گئے۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ تمام رپورٹس نارمل ہیں اور صرف آرام کی ضرورت ہے۔ معائنوں کے سلسلہ میں محمود علی کو ایک دن زائد ہاسپٹل رہنے کا مشورہ دیا گیا۔ اسی دوران رکن پارلیمنٹ کویتا نے آج ہاسپٹل پہنچ کر ڈپٹی چیف منسٹر کی عیادت کی اور عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمنائیں ظاہر کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے بھی بات چیت کی۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ کوئی تشویش کی بات نہیں ہے اور وہ بہت جلد دواخانہ سے ڈسچارج کردیئے جائیں گے۔ محمود علی سے ملاقات کیلئے عوام کی کثیر تعداد دواخانہ کے پاس دیکھی جارہی ہے۔ مختلف وزراء ، عوامی نمائندے اور ٹی آر ایس قائدین نے ڈپٹی چیف منسٹر سے ربط قائم کرتے ہوئے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ جناب محمود علی کے فرزند محمد اعظم علی اور پوترے محمد فرقان احمد ہاسپٹل میں موجود ہیں اور ڈاکٹرس سے ربط میں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT