Tuesday , December 11 2018

کے سی آر کے سیاسی ریٹائرمنٹ کا وقت آگیا

۔12 ڈسمبر کو عظیم اتحاد کی حکومت تشکیل پائیگی ۔ اتم کمار ریڈی
حیدرآباد /23 نومبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اُتم کمار ریڈی نے 12 ڈسمبر کو تلنگانہ میں پیپلز فرنٹ کی حکومت تشکیل پانے کا دعوی کیا ۔ جذباتی انداز میں تقریر کرتے ہوئے کارگذار چیف منسٹر کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کے سیاسی ریٹائرمنٹ کا وقت آگیا ہے ۔ میڑچل میں منعقدہ کانگریس کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو شکست ہوجائے گی ۔ شکست کے بعد کے سی ار فارم ہاوز اور کے ٹی آر امریکہ کو فرار ہوجائیں گے ۔ ساڑے چار سالہ دور حکومت میں کے سی آر نے تلنگانہ کو نقصان پہونچایا ہے ۔ انتخابات کے دوران ٹی آر ایس کو بری طرح کی شکست دینے کی عوام سے اپیل کی ۔ پیپلز فرنٹ حکومت کی تشکیل کے بعد یکمشت میں کسانوں کے 12 لاکھ روپئے تک قرض معاف کرنے نوجوانوں کو ایک لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے ملازمتیں حاصل ہونے تک بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3 ہزار روپئے بے روزگاری بھتہ فراہم کرنے کا وعدہ کیا ۔ اُتم کمار ریڈی نے کارگذار چیف منسٹر کے پیپلزفرنٹ پر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد سے ٹی ار ایس کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں ۔ کانگریس تلگودیشم اور دوسری جماعتوں پر من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے حکومت کے ناکامیوں کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ کے سی ار نے تلنگانہ عوام کی عزت و نفس کو نریندر مودی کے پاس رہن رکھ دیا ہے ۔ تقسیم آندھرا پردیش بل میں موجود قاضی پیٹ کوچ فیکٹری ، بیارم اسٹیلل فیکٹری قبائلی یونیورسٹی حاصل کرنے میں ٹی آر ایس حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT