Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / کے سی آر کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات سے عوام میں جوش و خروش

کے سی آر کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات سے عوام میں جوش و خروش

کانگریس و تلگو دیشم کے سابقہ کارپوریٹرس کی ٹی آرایس میں شمولیت ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا خطاب

کانگریس و تلگو دیشم کے سابقہ کارپوریٹرس کی ٹی آرایس میں شمولیت ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ /20 فبروری ، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ عوام کی بھلائی اور ترقی کے سلسلہ میں ملک کی تاریخ میں آج تک کسی چیف منسٹر نے اس طرح کے اقدامات نہیں کئے جس طرح چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کررہے ہیں۔ کانگریس اور تلگودیشم سے تعلق رکھنے والے کئی سابق کارپوریٹرس نے آج تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ وزیر داخلہ نے ان قائدین کا پارٹی میں استقبال کیا اور پارٹی کا کھنڈوا پہنایا۔ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ سارے تلنگانہ میں صرف ٹی آر ایس کی لہر ہے اور حکومت کے فلاحی و ترقیاتی اقدامات کے سبب عوام کسی اور پارٹی کو قبول کرنے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طویل جدوجہد کے بعد تلنگانہ حاصل کرنے والی ٹی آر ایس عوام کے دلوں میں جگہ بناچکی ہے اور تلنگانہ کے عوام کسی اور پارٹی پر بھروسہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات اور چیف منسٹر کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے عوام جوق درجوق ٹی آر ایس سے وابستہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے انتخابی منشور میں جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ وزیر داخلہ نے ایس سی، ایس ٹی طبقات اور اقلیتوں کے غریب خاندانوں کی امداد کیلئے شروع کردہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اسکیمات کا انتخابی منشور میں تذکرہ نہیں کیا گیا اس کے باوجود ان منفرد اسکیمات کا آغاز کیاگیا جس پر عوام میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کیلئے حکومت نے جامع منصوبہ تیار کیا ہے اور آنے والے دنوں میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں عوام کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ گریٹر حیدرآباد مجلس بلدیہ پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا۔ انہوں نے دیگر جماعتوں سے شامل ہونے والے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ عوامی خدمت پر اپنی توجہ مبذول کریں۔

TOPPOPULARRECENT