کے سی آر اور ہریش رائو سدی پیٹ میں ووٹ ڈالیں گے

حیدرآباد۔ 6 ڈسمبر (سیاست نیوز) کارگزار چیف منسٹر اور ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر رائو بروز جمعہ 7 ڈسمبر کو سدی پیٹ کے چنتامڑکا گائوں میں حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ چیف منسٹر کی آمد کے لیے پولیس عہدیداروں نے سکیوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ہیلی پیاڈ کی تعمیر کی گئی۔ چنتا مڑکا میں پولیس کے بھاری بندوبست کیے گئے ہیں۔ کے سی آر کے ہمراہ ان کے افراد خاندان بھی رائے دہی میں حصہ لیں گے۔ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو بنجارہ ہلز روڈ نمبر 2 میں واقع سینٹ نظامس ہائی اسکول میں واقع پولنگ اسٹیشن نمبر 124 میں حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ رکن پارلیمنٹ نظام آباد کے کویتا صبح 9 بجے اپنے افراد خاندان کے ساتھ بودھن اسمبلی حلقہ کے نوی پیٹ منڈل کے پوتنگل موضع میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گی۔ وزیر آبپاشی ہریش رائو سدی پیٹ کے بوتھ نمبر 107 میں حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ چیف منسٹر و ہریش رائو صبح 8 بجے پولنگ اسٹیشن پہنچیں گے۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی صبح 9:30 بجے اعظم پورہ میں واقع بوتھ نمبر 124 کڈس پلے اسکول میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ یہ علاقہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے تحت آتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT