Sunday , October 21 2018
Home / Top Stories / کے سی آر کا کمارا سوامی کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے گریز

کے سی آر کا کمارا سوامی کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے گریز

…: کرناٹک میں کانگریس قائدین سے بچنے کے سی آر کی حکمت عملی؟ :…
ایک روز قبل بنگلوروپہونچ کر جے ڈی ایس سربراہ دیوے گوڑا اور نامزد چیف منسٹر کمارا سوامی کو مبارکباد پیش کی

حیدرآباد 22 مئی (سیاست نیوز) سیاسی حلقوں میں یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ کانگریس کا سامنا کرنے سے بچنے کے لئے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے حلف برداری تقریب سے ایک دن قبل اچانک بنگلور پہونچ کر کمارا سوامی کو مبارکباد پیش کی۔ تھرڈ فرنٹ کی تشکیل میں مصروف چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے انتخابات سے عین قبل بنگلور پہونچ کر جے ڈی ایس کے سربراہ سابق وزیراعظم دیوے گوڑا سے ملاقات کی تھی۔ دیوے گوڑا نے تھرڈ فرنٹ کی تائید کی تھی، جس کے جواب میں کے سی آر نے کرناٹک میں قیام پذیر تلگو عوام سے جے ڈی ایس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی تھی۔ تاہم نتائج کے بعد سیاسی صورتحال تبدیل ہوگئی۔ کانگریس نے کمارا سوامی کو چیف منسٹر بنانے کی پیشکش کردی۔ تلنگانہ کانگریس کمیٹی نے کانگریس کے بشمول جے ڈی ایس کے ارکان اسمبلی کو حیدرآباد میں محفوظ رکھا۔ کمارا سوامی حیدرآباد پہونچے۔ تاہم وہ کانگریس قائدین کے ساتھ رہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ سے ملاقات کرنا بھی گوارا نہیں کیا۔ کمارا سوامی 23 مئی کو بحیثیت چیف منسٹر حلف لے رہے ہیں۔ انھوں نے بی جے پی کے خلاف محاذ تیار کرنے کے مقصد سے حلف برداری تقریب میں چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر، چیف منسٹر آندھراپردیش چندرابابو نائیڈو، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال، چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی، اترپردیش کے سابق چیف منسٹرس اکھلیش یادو، مایاوتی کے علاوہ کمیونسٹ جماعتوں کے قائدین سدھاکر ریڈی اور سیتارام یچوری کے علاوہ دوسرے قائدین کو مدعو کیا اور دہلی پہونچ کر یو پی اے چیرپرسن سونیا گاندھی اور صدر کانگریس راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے تشکیل حکومت، وزارتوں کی تقسیم اور مشترکہ اقل ترین ایجنڈے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں قائدین کو حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ صدر کانگریس راہول گاندھی حلف برداری تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔ تھرڈ فرنٹ میں جے ڈی ایس کو شامل کرنے کی چیف منسٹر تلنگانہ نے جو پہل کی تھی اس کو بریک لگ گیا ہے۔ جے ڈی ایس اب کانگریس کی حلیف بن گئی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے کرناٹک کے عوام سے کانگریس اور بی جے پی کو شکست دینے کی اپیل کی تھی۔ حلف برداری تقریب میں کانگریس کے قائدین کا سامنا کرنے سے بچنے کے لئے ایک دن قبل ہی چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر بنگلور پہونچ کر سابق وزیراعظم دیوے گوڑا اور ان کے فرزند کمارا سوامی سے ملاقات کرلی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ چہارشنبہ کو وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرنے کا بہانہ کررہے ہیں جبکہ یدی یورپا کے استعفیٰ کے بعد کمارا سوامی کے چیف منسٹر بننے کی راہیں ہموار ہوگئی تھیں اور انھوں نے 23 مئی کو حلف لینے کا اعلان کردیا تھا۔ چیف منسٹر کے سی آر چاہتے تو حلف برداری سے ایک دن قبل یا ایک دن بعد بھی اہم اجلاس طلب کرسکتے تھے۔ لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ چیف منسٹر، کانگریس کا سامنا کرنے سے کترا رہے ہیں۔ کے سی آر خصوصی طیارے میں بنگلور پہونچے، ان کے ہمراہ اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزراء پوچارام سرینواس ریڈی، ڈاکٹر لکشما ریڈی، ارکان پارلیمنٹ کے کیشو راؤ، سنتوش کمار، ونود وغیرہ بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT