Thursday , January 17 2019

کے سی آر کی دوسری مرتبہ چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری

محمد محمود علی واحد کابینی وزیر، راج بھون میں متاثر کن تقریب، 18 ڈسمبر کو کابینی توسیع کا امکان
کے سی آر نے تلگو میں اور محمود علی نے اُردو میں اللہ تعالیٰ کے نام پر حلف لیا

حیدرآباد۔ 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد پہلے اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی کے بعد ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر رائو نے آج دوسری میعاد کے لیے چیف منسٹر کے عہدے کا حلف لیا۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے دوپہر ٹھیک ایک بجکر 25 منٹ پر کے سی آر کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ چیف منسٹر کے علاوہ کابینی وزیر کے طور پر محمد محمود علی کو حلف دلایا گیا۔ اس طرح صرف ایک وزیر نے چیف منسٹر کے ساتھ حلف لیا۔ محمد محمود علی گزشتہ کابینہ میں ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر مال کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ 18 ڈسمبر کو کابینہ میں توسیع کی جائے گی اور اسی دن اسمبلی کا ایک روزہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں نو منتخب ارکان اسمبلی حلف لیں گے۔ کے سی آر نے خدا کے نام پر تلگو زبان میں حلف لیا۔ راج بھون کے سبزہ زار پر حلف برداری تقریب منعقد کی گئی جس میں ٹی آر ایس کے قائدین، سابق وزرائ، نو منتخب ارکان اسمبلی کے علاوہ اعلی عہدیداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ حلف برداری کے فوری بعد گورنر نے دوسری مرتبہ چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف برداری پر کے سی آر کو مبارکباد پیش کی۔ حلف برداری کی تقریب سے چند منٹ قبل کے سی آر اپنے ارکان خاندان کے ساتھ راج بھون پہنچے۔ ان کے ہمراہ کے سی آر کی اہلیہ، بہو اور کے ٹی آر کے فرزند و دختر راج بھون پہنچے جبکہ کے ٹی آر پہلے ہی راج بھون پہنچ چکے تھے۔ کے سی آر کے قافلہ میں سابق وزیر ہریش رائو اور رکن پارلیمنٹ ونود کمار شامل تھے۔ گورنر سے کچھ دیر بات چیت کے بعد 1:23 منٹ کو گورنر کی اہلیہ اور چیف منسٹر کی اہلیہ نے پہلی نشست سنبھال لی۔ جس کے ایک منٹ بعد گورنر اور چیف منسٹر تقریب میں شامل ہوئے۔ جس کے فوری بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ چیف سکریٹری ایس کے جوشی نے گورنر سے تقریب کے آغاز کی اجازت طلب کی اور حلف برداری کے لیے نامزد چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کا نام پکارا۔ انہوں نے تلگوزبان میں خدا کے نام پر عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ ان کے حلف لیتے ہی راج بھون میں جئے تلنگانہ اور کے سی آر کی تائید میں نعروں کی گونج سنائی دی۔ کے سی آر نے اپنی نشست سے آگے بڑھ کر تمام کا شکریہ ادا کیا۔ گورنر نے گلدستہ پیش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ ان کے بعد محمد محمود علی کا نام پکارا گیا جنہوں نے اردو میں اللہ سبحانہ و تعالی کے نام پر حلف لیا۔ چیف منسٹر اور گورنر نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ قومی ترانے کے بعد حلف برداری تقریب اختتام کو پہنچی۔ بعد میں گورنر نے چیف منسٹر اور واحد ریاستی وزیر کے ساتھ تصویر کھنچوائی۔ دونوں کی اہلیائوں کو بھی گورنر نے گروپ فوٹو میں شامل کیا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT