Monday , July 23 2018
Home / ہندوستان / کے وی پی رامچندر راؤ ایک دن کیلئے راجیہ سبھا سے معطل

کے وی پی رامچندر راؤ ایک دن کیلئے راجیہ سبھا سے معطل

نئی دہلی 7فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے رام چندر راؤ کو آج وقفہ صفر میں آندھرا پردیش کا مسئلہ اٹھانے پر ایک دن کے لئے راجیہ سبھا کی کارروائی سے معطل کر دیا گیا۔جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو ایوان میں اپوزیشن کے رہنما غلام نبی آزاد نے کشمیر کا مسئلہ اٹھایا مگر کانگریس کے مسڑراو ہاتھ میں ایک پوسٹر لے کر آئے اور چیئرمین کی نشست کے پاس جاکر خاموش کھڑے ہو گئے ۔ اس پوسٹر پر لکھا تھا کہ آندھرا پردیش حکومت کے ساتھ انصاف ہو۔ نائیڈو نے سخت لہجہ میں راو کو متنبہ کیا کہ وہ اپنی سیٹ پر جائیں، اپنی بات کہنے کا یہ صحیح طریقہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس طرح ایوان کی کارروائی جاری نہیں رکھ سکتے اگر راو ان کی بات نہیں مانتے تو وہ راو کو ایوان کی کارروائی سے معطل کر دیں گے ۔ لیکن راو پر ان کی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوا اور وہ پوسٹر لے کر کھڑے رہے ۔ نائیڈو نے آزاد اور کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما سے کہا کہ وہ راو کو سمجھائیں لیکن راو راضی نہ ہوئے ۔ اس کے بعد چیئر مین نے کہا کہ ایوان میں نظم وضبط کا فقدان ہے اس لئے وہ ایوان کی کارروائی جاری رکھنے سے معذور ہیں تب اپوزیشن کے اراکین نے کہا کہ آپ ایوان کی کارروائی جاری رکھیں اور راو کو نظر انداز کریں لیکن چیئرمین اڑ گئے کہ راو وہاں سے ہٹیں اور اپنی سیٹ پر جائیں۔انہوں نے راو کو آخری بار انتباہ دیا مگر ان پر ذرہ برابر اثر نہ پڑا۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی ضابطوں کی کتاب منگواکر ضابطہ255 کے تحت راو کو پورے دن کے لئے ایوان کی کارروائی سے معطل کر دیا تب وہ اپنا پوسٹر لے کر ایوان سے باہر چلے گئے ۔ اس کے بعد ایوان کی کارروائی اچھی طرح چلتی رہی۔

TOPPOPULARRECENT