Thursday , April 26 2018
Home / Top Stories / کے ٹی آر کو طلباء کی برہمی کا سامنا

کے ٹی آر کو طلباء کی برہمی کا سامنا

کتہ گوڑم میں وزیر آئی ٹی کا گھیراؤ، افراتفری میں جلسہ گاہ سے روانگی
حیدرآباد۔/4 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو طلباء کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا۔ کتہ گوڑم میں ایک جلسہ عام کے دوران احتجاجی طلباء نے ٹی آر ایس حکومت اور کے ٹی آر کے خلاف نعرے لگائے۔ طلباء نے کہا کہ انہوں نے ان کے مسائل کے تعلق سے حکومت کی لاپرواہی کے خلاف وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کا گھیراؤ کیا۔کے ٹی راما راؤ کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ یہاں 44 کروڑ کی لاگت سے تیار کئے جانے والے 25 ایکر پر کلکٹریٹ کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے پہنچے تھے۔ یہ کامپلکس یونیورسٹی کالج آف انجینئرنگ کے علاقہ میں تعمیر کیا جارہا ہے۔ یونیورسٹی طلباء جلسہ عام کے مقام پر پہنچ گئے اور اپنی شکایت پیش کرنے لگے اور کہا کہ ان کے کالج میں کئی مسائل ہیں خاصکر انفراسٹرکچر کی کمی اور مختلف محکموں میںفیکلٹی اسٹاف نہ ہونے سے پڑھائی نہیں ہورہی ہے۔ تاہم حکام نے احتجاجی طلباء کو خاموش رہنے کی تلقین کی لیکن طلباء نے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ ہم انصاف چاہتے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ طلباء کی بات سننے کیلئے اسٹیج سے نیچے اترے اور طلباء سے بات چیت کی۔طلباء نے ان کا گھیراؤ کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے کیمپس کا دورہ کریں اور وہاں انہیں درپیش مسائل سے واقفیت حاصل کریں۔ ان کی اپیل کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ میں ایک دن آپ تمام کے مسائل کا جائزہ لوں گا۔ لیکن طلباء نے انہیں جانے نہیں دیا۔ کے ٹی راما راؤ اصرار کررہے تھے کہ مجھے جانے دیجئے پہلے ہی مجھے ایک گھنٹہ تاخیر ہوئی ہے۔ طلباء نے وزیر کے رویہ کو دیکھ کر برہمی ظاہر کی اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ پولیس نے بعد ازاں طلباء کو کنٹرول میں لایا اس کے بعد کے ٹی راما راؤ اس مقام سے روانہ ہوگئے۔طلباء نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے حکومت سے اپنی ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ حکومت نے ان کے مسائل کو بری طرح نظر انداز کردیا ہے۔کے ٹی راما راؤ نے یہاں دیگر کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا۔ منگورو منڈل میں ایک نئے پل کا افتتاح بھی کیا۔اس کے علاوہ پینے کے پانی اسکیم کا بھی آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈبل بیڈ روم کے مکانات کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔

TOPPOPULARRECENT