Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / کے ٹی آر کے خسر پر ایس ٹی طبقہ کے فرضی سرٹیفیکٹ سے حصول ملازمت کا الزام

کے ٹی آر کے خسر پر ایس ٹی طبقہ کے فرضی سرٹیفیکٹ سے حصول ملازمت کا الزام

شفافیت کے ساتھ ثبوت پیش کیا جائے ، چیف منسٹر سے مطالبہ ، ریونت ریڈی کانگریس قائد کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کے سمدھی اور کے ٹی آر کے خسر ہری ناتھ راؤ پر ایس ٹی طبقہ کے فرضی سرٹیفیکٹ کے ذریعہ ملازمت حاصل کرنے کا الزام عائد کیا ۔ اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شفافیت کا ثبوت پیش کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر عدلیہ سے رجوع ہونے کا انتباہ دیا ۔ ریونت ریڈی نے آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر سابق رکن پارلیمنٹ رویندر نائک اور ایس ٹی سیل کانگریس کے صدر جگناتھ بھی موجود تھے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکمرانوں کے ارکان خاندان اور دوست و احباب کے خلاف جب کوئی الزامات عائد ہوتے ہیں تو حکومت اور چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس کی وضاحت کریں ۔ ماضی میں چیف منسٹر نے بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کو ہرگز برداشت نہ کرنے کا اعلان کیا ۔ بدعنوانیوں کے الزامات پر راجیا کو ڈپٹی چیف منسٹر کے عہدے سے برطرف کردیا ۔ یہاں تک کہہ دیا کہ وہ بدعنوانیوں کے معاملے میں اپنے فرزند اور دختر کو بھی معاف نہیں کریں گے بلکہ انہیں جیل بھیج دیا جائے گا ۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر کے خسر پی ہری ناتھ نے ایس ٹی طبقہ کا نقلی سرٹیفیکٹ حاصل کرتے ہوئے ملازمت حاصل کی اور 2006 میں بحیثیت ایس ٹی فلاح و بہبود میدک ڈسٹرکٹ آفیسر ریٹائرڈ ہوئے اور ماہانہ 50 ہزار روپئے وظیفہ حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے آر ٹی اے سے حاصل کردہ تفصیلات میڈیا کو بطور ثبوت دستاویزات پیش کی جس میں ہری ناتھ نے اپنے آپ کو ایس ٹی قرار دیتے ہوئے نقلی سرٹیفیکٹ حاصل کرتے ہوئے ملازمت حاصل کی تھی ۔ ریونت ریڈی نے اس کے ان انکشاف پر ٹی آر ایس قائدین کی تنقیدوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم تھا چیف منسٹر کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے چند چمچے انہیں تنقید کا نشانہ بناسکتے ہیں ۔ اس لیے آج وہ دستاویزی ثبوت کے ساتھ میڈیا کے سامنے رجوع ہوئے ہیں حکومت اس کی تحقیقات کرائے اگر وہ غلط ہیں اور جھوٹے الزامات عائد کررہے ہیں تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں یا ہری ناتھ راؤ غلط ہے تو ان کے خلاف کارروائی کریں ۔ حال ہی میں سپریم کورٹ نے نقلی سرٹیفیکٹ کے ذریعہ ملازمت حاصل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے ملازمت کے دوران جتنی رقم بطور تنخواہ حاصل کی ہے اس کو واپس طلب کرنے کے ساتھ کم از کم دو سال تک جیل روانہ کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ حکومت اس پر عمل کریں ۔ آج تلنگانہ پردیش کانگریس ایس ٹی سیل کا ایک وفد چیف سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے ہری ناتھ کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کرے گا ۔ اگر اندرون ایک ہفتہ حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو اس معاملے کو عدالت سے رجوع کیا جائے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT