Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / کے ٹی راما راؤ کا وینگل راؤ پارک کا اچانک معائنہ

کے ٹی راما راؤ کا وینگل راؤ پارک کا اچانک معائنہ

حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ایک واٹس اپ پیام کے موصول ہونے پر آج اچانک بنجارہ ہلز پر واقع وینگل راؤ پارک کا معائنہ کیا تھا کہا کہ وہ خود بھی شہر میں ایک پارک کو اپنائیں گے اور اس کی ترقی پر اولین ترجیح دیتے ہوئے پارک میں صاف صفائی وغیرہ کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے رکن اسمبلی حلقہ خیریت آباد مسٹر سی رامچندرا ریڈی کے ہمراہ انہیں موصولہ ایک واٹس اپ پیام کی روشنی میں جلگم وینگل راؤ پارک کا اچانک معائنہ کیا اور اس پارک کے واکرس سے ملاقات کی اور تفصیلی حالات سے واقفیت حاصل کی ۔ پارک کے واکرس اسوسی ایشن عہدیداروں نے وزیر موصوف کو جلگم وینگل راؤ پارک میں واکرس کو درپیش مختلف مسائل سے واقف کروایا بعد ازاں اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں پائے جانے والے پارکس کے تحفظ پر اپنی اولین ترجیح دینے کی شدید ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں پائے جانے والے تمام پارکس کو خوبصورت اور واکرس کے لیے درکار تمام سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ یہاں تک کہ پارکس میں بچوں کو کھیلنے کودنے کی تمام سہولتیں جھولے و دیگر اچھے ایٹمس شامل کیے جائیں گے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے عوامی منتخبہ نمائندوں و اعلیٰ عہدیداران جی ایچ ایم سی کو مشورہ دیا کہ ہر ایک پارک کو اپنانے کے اقدامات کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارک کی نگہداشت وغیرہ کی مکمل ذمہ داری بھی پارک کو اپنانے والے اصحاب کے حوالہ ہی کی جائے گی ۔ وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ وہ خود بھی ایک پارک کو اپنائیں گے جب کہ جلگم وینگل راؤ پارک کی نگہداشت وغیرہ کی مکمل ذمہ داری مسٹر دانا کشور کے حوالے کیا گیا ۔ تاکہ وہ اپنی خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کر کے اس پارک کی ترقی کو یقینی بناسکیں ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کے انتہائی اہمیت کے حامل و ترجیحی پروگرام ’ ہریتا ہرم ‘ میں اب تک 17 کروڑ پودوں کی نشاندہی کردہ اراضی پر پودوں کی شجرکاری کی گئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT