Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / کے چندر شیکھر راؤ ملک کی سب سے بڑی سیاسی طاقت

کے چندر شیکھر راؤ ملک کی سب سے بڑی سیاسی طاقت

تھرڈ فرنٹ کی تشکیل کے اعلان کا خیر مقدم ، محمد فاروق حسین کا بیان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے کے سی آر کو ملک کی سب سے بڑی سیاسی طاقت قرار دیتے ہوئے تھرڈ فرنٹ قائم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ محمد فاروق حسین نے کے سی آر کو عزائم کے پکے قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹی آر ایس کو تشکیل دیتے ہوئے 14 سال میں آندھرا پردیش کی تقسیم اور علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو یقینی بنایا ۔ تحریک کے دوران ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کی تائید حاصل کرنے کے لیے کامیاب حکمت عملی تیار کی ۔ کانگریس کو تلنگانہ ریاست تشکیل دینے اور بی جے پی کو اس کی تائید کرنے کے لیے مجبور کردیا ۔ 2014 میں تنہا مقابلہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو اقتدار حاصل کرنے میں اہم رول ادا کیا ۔ حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہو کر بشمول ان کے مختلف سیاسی جماعتوں کے عوامی منتخب نمائندوں نے تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے لیے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ۔ اپنی سیاسی بصیرت سے کے سی آر نے مختلف شعبوں میں تلنگانہ کو سارے ملک میں سرفہرست کردیا ۔ اس ملک کو کانگریس اور بی جے پی نے بہت نقصان پہونچایا ہے ۔ عوام نے دونوں جماعتوں پر بھروسہ کیا ۔ دونوں جماعتوں نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیرا ہے ۔ اب وقت آگیا ہے ۔ دو جماعتی نظریہ ختم کیا جائے اور ملک میں تیسرا محاذ تشکیل دیا جائے ۔ کے سی آر نے صحیح وقت پر مناسب فیصلہ کیا ہے جس کا ملک بھر میں خیر مقدم کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی ، ہیمنت سودین ، پون کلیان کے بشمول دوسری جماعتوں نے کے سی آر کے موقف کی بھر پور تائید کی ہے اور مختلف جماعتوں میں تیسرے محاذ کی تشکیل پر غور و خوص شروع ہوگیا ہے ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ ریاست تلنگانہ سے تیسرے محاذ کا آغاز ہوگا اور آئندہ انتخابات میں تیسرے محاذ کی کامیابی کے واضح آثار نظر آرہے ہیں ۔ مختصر عرصے میں تلنگانہ کو آسمان کی بلندیوں تک پہونچانے والے کے سی آر ملک کو طاقتور قیادت فراہم کرنے کے اہل ہیں ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے اعلان کے بعد کانگریس اور بی جے پی کے پیروں تلے زمین کھسک گئی اور دونوں جماعتوں کے قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر کے سی آر کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کررہے ہیں اور ان کے خلاف تنقیدیں کررہے ہیں جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ اقتدار کانگریس اور بی جے پی کی جاگیر نہیں ہے ۔ ملک کے موجودہ سیاسی حالات میں تیسرا محاذ عوام کی توقعات پر کھرا اترے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT