گاؤ رکشکوں کے اموات والے معاملوں کا ازخود نوٹ لیا گیا: این ایچ آر سی

جئے پور ، 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی انسانی حقوق کمیشن (این ایچ آر سی) نے مبینہ گاؤ رکشکوں کے تشدد کے بعض ایسے معاملوں کا ازخود نوٹ لیا ہے جہاں اموات پیش آئی ہیں، اس پیانل کے چیئرپرسن ایچ ایل دتو نے آج یہ بات کہی۔ انھوں نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا، ’’ہم نے گاؤ رکشکوں کے بعض معاملوں اور متعلقہ اموات کا ازخود نوٹ لیا ہے۔ جیسے ہی ریاستی حکومت سے رپورٹ حاصل ہوجائے، ہم مناسب رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہیں‘‘۔ دتو نے کہا کہ کمیشن کی بڑی حد تک یہ رائے ہے کہ ریاست راجستھان اپنے عوام کی ذمہ داری نبھا رہی ہے ، جن میں درج فہرست طبقہ (ایس سی) اور درج فہرست قبیلہ (ایس ٹی) والی برادریوں کے افراد شامل ہیں۔ کسی بھی سسٹم میں کچھ خامیاں ہوسکتی ہیں، لیکن اسے عمومی رنگ نہیں دیا جانا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ راجستھان نے مرکزی حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری کی ہے اور اس ریاست کے عوام کو فائدہ ہورہا ہے۔ این ایچ آر سی چیئرپرسن نے مزید کہا کہ ہر ریاست اپنی بہترین سعی کررہی ہے اور تقابل کرنا ہمیشہ ہی خراب بات ہوتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT