Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / گالی جناردھن ریڈی تین سال جیل میں رہنے کے بعد رہا

گالی جناردھن ریڈی تین سال جیل میں رہنے کے بعد رہا

سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد رہائی ۔ سیاسی مستقبل کے تعلق سے تبصرہ سے گریز

سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد رہائی ۔ سیاسی مستقبل کے تعلق سے تبصرہ سے گریز
بنگلورو 23جنوری ( پی ٹی آئی ) زائد از تین سال کا وقت جیل میں گذارنے کے بعد کانکنی اسکام کے ملزم و کرناٹک کے سابق وزیر گالی جناردھن ریڈی آج یہاں سنٹرل جیل سے رہا کردئے گئے ۔ انہیں کانکنی مقدمہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت منظور کی گئی تھی ۔ ان کے سینکڑوں حامیوں نے جیل کے باہر ان کا استقبال کیا جب وہ پرپنا اگراہارا سنٹرل جیل سے باہر آئے ۔ علاوہ ازیں ان کے حامی ان کی قیامگاہ پر بھی جمع ہوئے تھے ۔ انہوں نے راستہ میں ایک مندر میں توقف کیا ۔ انہیں آج شام جیل سے رہا کیا گیا ۔ وہ پریجتھا اپارٹمنٹس کو اپنی قیامگاہ کیلئے ایک مرسیڈیز بینز گاڑی میں روانہ ہوئے ۔ ان کے ساتھ ان کے قریبی ساتھی و بی جے پی رکن پارلیمنٹ سری راملو بھی موجود تھے ۔ جناردھن ریڈی کو کئی الزامات کا سامنا ہے اور انہیں سی بی آئی نے ستمبر 2011 میں گرفتار کیا تھا ۔ وہ غیر قانونی کانکنی مقدمہ میں ملوث ہیں جس میں ان کی اوبلاپورم کانکنی کمپنی کو بھی ملزم بنایا گیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے 20 جنوری کو انہیں ضمانت فراہم کی تھی ۔ پولیس نے ان کی رہائی سے قبل جیل کے اطراف دیڑھ کیلو میٹر کے علاقہ میں امتناعی احکام نافذ کردئے تھے ۔ جناردھن ریڈی کے بھائی جی سوما شیکھرا ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی کو آج جیل سے رہا کیا گیا ہے ۔ سارا خاندان خوش ہے اور گھر میں خوشی کا ماحول ہے ۔ وہ ساڑھے تین سال سے ہم سے دور تھے ۔ آج وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ وہ ان کی خوشی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے جناردھن ریڈی کے آئندہ سیاسی اقدام کے تعلق سے کسی تبصرہ سے انکار کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ جناردھن ریڈی آج ہی جیل سے رہا ہوئے ہیں۔ انہیں کچھ وقت آزادی سے گذارنے دیجئے ۔ اس کے بعد اس تعلق سے غور کیا جائیگا ۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی کی جانب سے تحقیقات کی تکمیل ہونے کے بیان کے بعد انہیں ضمانت منظور کی تھی ۔ سی بی آئی نے گالی جناردھن ریڈی کے خلاف چارچ شیٹ اور ضمنی چارچ شیٹ دونوں ہی پیش کردئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT