Tuesday , December 12 2017
Home / کھیل کی خبریں / گالے ٹسٹ میں ہیراتھ کی ہیٹ ٹرک

گالے ٹسٹ میں ہیراتھ کی ہیٹ ٹرک

سری لنکا کی میچ پر گرفت مضبوط ، دوسری اننگز میں آسٹریلیا 25/3
گالے۔ 5 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے سپنر رنگنا ہیراتھ اپنے ملک کی جانب سے ٹسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دوسرے بولر بن گئے ۔ انھوں نے یہ کارنامہ آسٹریلیا کے خلاف انجام دیا۔ان کی تباہ کن بولنگ کی بدولت اس میچ میں آسٹریلیائی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 106 رنز ہی بنا سکی اور اسے پہلی اننگز میں 175 رنز کا خسارہ برداشت کرنا پڑا ۔ 106 رنز سری لنکا کے خلاف ٹسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کا سب سے کم سکور بھی ہے۔اس اننگز میں آسٹریلیا کی سات وکٹیں مجموعی سکور میں صرف آٹھ رنز کے اضافے کے دوران گریں۔آسٹریلیائی اننگز میں 35 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کرنے والے ہیراتھ نے ایڈم ووگز کو کیچ، پیٹر نیول کو بولڈ اور مچل سٹارک کو ایل بی ڈبلیو کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ان سے قبل سری لنکا کی جانب سے ٹسٹ میچ میں ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز نوان زوئسا کو حاصل تھا۔آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں ڈیوڈ وارنر 42 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ اس اننگز میں آٹھ آسٹریلوی بلے بازوں کا اسکور دوہرے ہندسوں میں داخل نہ ہو سکا۔سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ کے علاوہ پریرا نے بھی چار وکٹیں لیں جبکہ منداکن اور فرنانڈو کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔اس میچ میں سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں مینڈس اور میتھیوز کی نصف سنچریوں کی بدولت 281 رنز اور دوسری اننگز میں ایم پریرا(64) اور کپتان انجیلو میتھیوز (47) کے بدولت 237 رنز بناتے ہوئے آسٹریلیا کے آگے کامیابی کیلئے 413 رنز کا نشانہ رکھا ۔ کامیابی کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیائی بیٹسمین ایک بار پھر لڑکھڑا گئے اور پہلی اننگز میں ہیٹ ٹرک کرنیوالے ہیراتھ نے پہلے ہی اوور میں اوپنر کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ابھی آسٹریلیا اس صدمہ سے سنبھل بھی نہ پائی تھی کہ ایم ڈی کے پریرا نے دو گیندوں میں متواتر دو وکٹیں حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو شدید نقصان پہنچایا ۔ کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا (25/3) کے ساتھ جدوجہد کررہی تھی ۔ کریز پر اسٹیون اسمتھ (1*) اور ڈیوڈ وارنر (22*) موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT