Sunday , November 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / گالے ٹسٹ ‘ ہندوستان کو 63 رنوں سے بد ترین شکست

گالے ٹسٹ ‘ ہندوستان کو 63 رنوں سے بد ترین شکست

جیت کیلئے 176 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے کوہلی کی ٹیم 112 رنوں پر ڈھیر ۔ رنگنا ہیرات کی تباہ کن بولنگ

گالے 15 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خلاف گالے میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں ہندوستان کو 63 رنز سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ سری لنکا کی ٹیم نے اپنے اسٹار کھلاڑی کمار سنگاکارا کو مثالی کامیابی کے ذریعہ الوداع کہا ۔ ہندوستان کے سامنے اس ٹسٹ میں جیت کیلئے اپنی دوسری اننگز میں محض  176 رنوں کا نشانہ تھا تاہم بہترین کھلاڑیوں والی یہ ٹیم سری لنکا کی اسپین گیند بازی کے آگے محض 112 رنوں پر ڈھیر ہوگئی ۔ آج میچ کا چوتھا دن ہی تھا ۔ آج یوم آزادی ہند کے موقع پر ہندوستانی شائقین کی ایک خاطر خواہ تعداد ٹیم کی کامیابی کی امید کرتے ہوئے اسٹیڈیم پہونچی تھی تاہم اسے مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔ ہندوستان نے اپنے کل کے اسکور 23/1 کے آگے کھیلنا شروع کیا تھا اور اسے جیت کیلئے مزید 153 رنوں کی ضرورت تھی اور اس کے نو وکٹس باقی تھے ۔ تاہم ہندوستانی ٹیم ہزیمت کا شکار ہوگئی ۔ سری لنکا کیلئے رنگنا ہیرات نے بہترین گیند بازی کی ۔ انہوں نے 18 اوورس کی مسلسل گیند بازی کرتے ہوئے چھ وکٹس حاصل کئے ۔

رنگنا ہیرات اس بہترین بولنگ کے ذریعہ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے بہترین بولنگ کرنے والے بائیں ہاتھ کے لیگ اسپنر بن گئے ہیں اور انہوں نے سابقہ ریکارڈ ہولڈر بشن سنگھ بیدی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم جملہ 112 رنوں کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی ۔ گالے میں کمار سنگاکارا کا یہ آخری ٹسٹ تھا اور یہاں ان کی ٹیم نے انہیں کامیابی کا شاندار تحفہ پیش کیا ۔ اس کامیابی کو سری لنکا کی یادگار کامیابیوں میں شمار کیا جاسکتا ہے کیونکہ دوسری اننگز میں اس کا انتہائی کمزور موقف تھا ۔ اس نے محض پانچ رنوں پر تین وکٹس گنوا دئے تھے جبکہ ایک اور موقع پر اس نے 100 کے اسکور پر پانچ وکٹس گنوادئے تھے ۔ اس کے بعد اس نے دنیش چنڈی مل کی شاندار ناٹ آوٹ سنچری کی بدولت 175 رنوں کی سبقت حاصل کی تھی تاہم ہندوستانی ٹیم کو 112 رنوں پر ڈھیر کردیا ۔ چنڈی مل نے ٹیم کی دوسری اننگز میں 162 رنوں کی اننگز کھیلی تھی ۔ ہندوستان کیلئے تمام بلے باز ناکام رہے ۔ صرف اجنکیا رہانے نے قدرے مزاحمت کی اور 36 رنز کی اننگز کھیلی ۔ اس کے علاوہ شکھر دھون 28 کے اسکور پر آوٹ ہوئے ۔ لوکیش راہل کو ہیرات نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا تھا ۔ وہ پانچ رن بنائے تھے ۔ شکھر دھون کو 28 کے اسکور کوشل نے کاٹ اینڈ بولڈ کیا ۔

ایشانت شرما 10 رن بناکر ہیرات کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ روہت شرما کو 4 رنوں کے اسکور پر ہیرات نے بولڈ کیا ۔ کپتان ویراٹ کوہلی صرف تین رن بناسکے ۔ کوشل کی گیند پر کے سلوا نے ان کا کیچ لیا ۔ انکیا رہانے کو ہیرات نے میتھیوز کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا جبکہ وردھی مان ساہا ہیرات کی گیند پر چنڈی مل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ ہربھجن سنگھ کو ایک رن کے اسکور پر ہیرات نے ہی آؤٹ کاے ۔ کے سلوا نے ان کا کیچ لیا جبکہ روی چندرن اشون صرف تین رن بناسکے ۔ ہیرات کی گیند پر دھمیکا پرساد نے ان کا کیچ لیا ۔ امیت مشرا کو کوشل نے آوٹ کیا ۔ مشرا نے تین چوکوں کی مدد سے 15 رن بنائے تھے ۔ کرونا رتنے نے ان کا کیچ لیا جبکہ ورون آرون ایک رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ سری لنکا کی جانب سے رنگنا ہیرات سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 21 اوورس میں 48 رن دیتے ہوئے 7 وکٹس حاصل کئے جبکہ ٹی کوشل تین وکٹس لینے میں کامیاب رہے ۔ انہوں نے 17.5 اوورس میں 47 رنز دئے ۔ ایک موقع پر انتہائی مستحکم موقف رکھنے والی ٹیم انڈیا ناقص کارکردگی کے نتیجہ میں 63 رنوں سے شکست سے دوچار ہوگئی ۔

TOPPOPULARRECENT