Friday , April 20 2018
Home / ہندوستان / گاندربل میں حزب المجاہدین کا ورکر گرفتار

گاندربل میں حزب المجاہدین کا ورکر گرفتار

سری نگر، 30مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر پولیس نے جمعہ کے روز وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں حزب المجاہدین کے ایک ورکر (اوور گراونڈ ورکر) کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) گاندربل فیاض احمد لون نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پولیس کے پاس گاندربل کے پتی شالہ بگ نامی علاقہ میں جنگجوؤں کے اوور گراونڈ کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع تھی۔ انہوں نے کہا ‘ہم نے مصدقہ اطلاع ملنے پر پتی شالہ بگ علاقہ میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن چلایا۔ سرچ آپریشن کے دوران ہم نے وہاں نذیر احمد ملک ولد عبدالخالق ملک ساکن پتی شالہ بگ کو گرفتار کیا’۔ فیاض احمد نے کہا کہ اس کے قبضے سے کافی ممنوعہ مواد برآمد ہوا۔ اس میں حزب المجاہدین کے پوسٹرس، سٹیمپ، لیٹر ہیڈ اور فوجی وردیاں شامل ہیں۔
گاندربل میں حزب المجاہدین کے جتنے بھی پوسٹر آج تک چسپاں کئے گئے ہیں، وہ اسی شخص کی جانب سے چسپاں کرائے گئے ہیں۔ یہ حزب المجاہدین کا ایک اوور گراونڈ ورکر تھا’۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT