Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / گاندھی جی سکیولر ہندوستان کے حامی تھے

گاندھی جی سکیولر ہندوستان کے حامی تھے

ہندوستان چھوڑ دو تحریک کی یاد میں تقریب : اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 9اگسٹ ( این ایس ایس ) یہ واضح کرتے ہوئے کہ گاندھی جی ملک کو سکیولر ملک بنانا چاہتے تھے اور چاہتے تھے کہ یہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی حقوق دئے جائیں تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر این اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ موجودہ دور کے قائدین فرقہ وارانہ سیاست میں ملوث ہو رہے ہیں اور وہ دستور کے خلاف کام کرتے ہوئے گاندھی جی کے اصولوں کو ترک کر رہے ہیں۔ آج اتوار کو اتم کمار ریڈی نے ہندوستان چھوڑ دو تحریک کی یاد میں کرانتی دیوس کا اہتمام کیا اور کانگریس کا پرچم لہاریا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہندوستان چھوڑ دو تحریک اگسٹ 1942 میں ممبئی میں شروع کی گئی تھی اور ہندوستان کو آزادی ملنے تک یہ جاری رہی ۔ انہوں نے کانگریس پارٹی کیڈر پر زور دیا کہ وہ ہندوستان چھوڑ دو تحریک سے جذبہ حاصل کرتے ہوئے ملک و قوم کیلئے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا ایسی جدوجہد کا ایک ریکارڈ ہے ۔ انہں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کانگریس کے کارکن عوام کی تائید میں کھڑے ہوتے ہوئے تحریک شروع کریں اور ریاستی و مرکزی حکومتوں کے خلاف ان کی عوام دشمن پالیسیوں کے پیش نظر جدوجہد کریں۔ سی ایل پی لیڈر کے جانا ریڈی ‘ رکن پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ اور رکن اسمبلی جی چنا ریڈی ‘ سابق وزیر ڈی ناگیندر ‘ سابق ایم پی انجن کمار یادو اور دوسرے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT